کراچی(نمائندہ خصوصی)
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے سوئٹزر لینڈ کے سفیر جارج اسٹینرGeorg Steiner نے گورنرہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک سوئٹزر لینڈ باہمی تعلقات، ان میں اضافہ کے اقدامات ،دوطرفہ تجارت کے فروغ ،صوبہ میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ پاک سوئٹزر لینڈ دوطرفہ تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مستحکم ہورہے ہیں ، دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں سفارت کاری اہم کردار ادا کررہی ہے اس ضمن میں Georg Steiner کے کردارکو فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوئٹزر لینڈ کی سرمایہ کاری سے خطہ میں غربت کے خاتمہ ، روزگار کے وسیع مواقع اور خوشحالی یقینی ہے اس ضمن میں صوبہ کے مختلف شعبے سرمایہ کاری کے لئے انتہائی پرکشش ہیں جن میں توانائی ، تعلیم ، صحت ، انفرااسٹرکچر ڈیویلپمنٹ ، زراعت اور دیگر شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سوئٹزر لینڈ کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ کے مواقع موجود ہیں،سوئٹزر لینڈ کے سرمایہ کار صوبہ میں سرمایہ کاری کے سازگار حالات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، سرمایہ کاروں کو حکومت ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی ۔ سوئٹزر لینڈ کے سفیر Georg Steiner نے کہا کہ سوئٹزر لینڈ کے سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پر بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں ۔ بعد ازاں گورنرسندھ نے سوئٹزر لینڈ کے سفیر کو بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے تاریخی کمرہ اور آفس کا دورہ بھی کرایا اور انہیں بابائے قوم کے زیر استعمال اشیائے کے حوالہ سے تفصیل سے آگاہ کیا ۔ اس سے قبل سوئٹزر لینڈ کے سفیر جارج اسٹینر Georg Steiner نے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کے ہمراہ امید کی گھنٹی بجائی۔ گورنر سندھ نے انہیں امید کی گھنٹی کے اغراض و مقاصد سے سوئس سفیر کا آگاہ کیا۔ جارج اسٹینر نے طاقتور پاکستان کے تحت تقسیم کئے جانے والے راشن بیگز کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے گورنر سندھ کے عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو سراہا