دبئی (نیٹ نیوز )دبئی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ نئے ٹریفک قوانین کے تحت ڈرائیوروں کو پکڑ کر سخت جرمانہ کیا جاسکتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ ضوابط جو کہ 6 جولائی سے نافذ العمل ہوئے ہیں، خطرناک ڈرائیونگ کے واقعات کو روکنے اور امارات میں ٹریفک اموات کی شرح کو کم کرنے کے لیے متعارف کرائے گئے ہیں۔دبئی پولیس میں آپریشنز کے امور کے اسسٹنٹ کمانڈر انچیف میجر جنرل عبداللہ علی الغیثی نے کہا کہ نئے قوانین انسانی جانوں کے تحفظ اور لاپرواہ ڈرائیونگ کے واقعات کو روکنے کے لیے ہیں۔دبئی میں 2019-2022 کے دوران تیز رفتاری، لاپرواہی سے ڈرائیونگ، ٹریفک کی سنگین خلاف ورزیوں اور ریڈ لائٹس جمپنگ کی وجہ سے 164 اموات ریکارڈ کی گئیں۔نئے حکم نامے کے تحت خلاف ورزی کرنے والی ضبط شدہ گاڑیوں کو چھوڑنے کے لیے سخت جرمانہ ہے، اور مزید اضافی جرمانہ ان ڈرائیوروں پر عائد کیا جائے گا جو سڑک پر ریس لگانے، مختلف کرتب دکھانے، افراتفری کا باعث بننے، جان بوجھ کر اشارہ توڑنے، یا جعلی یا بغیر لائسنس پلیٹوں کے ساتھ گاڑی چلانے کے مرتکب ہوتے ہیں۔جنرل ڈپارٹمنٹ آف ٹریفک کے قائم مقام ڈائریکٹر بریگیڈیئر جمعہ بن سویدان نے بتایا کہ نئے ضوابط میں 13 قسم کی خلاف ورزیوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ٹریفک اشارے پر نہ رکنا، جعلی یا غیر واضح نمبر پلیٹس کا استعمال، پولیس کی گاڑیوں سے جان بوجھ کر ٹکرانا، 18 سال سے کم عمر افراد کا گاڑیاں چلانا ، غیر قانونی ریس میں حصہ لینا یا اسے دیکھنے کے لیے جمع ہونے پر ضبط شدہ گاڑی کے حصول کے لیے 13,610 ڈالر (درہم 50,000) تک ادا کرنا ہوگا۔لائسنس پلیٹ کے بغیر گاڑی چلانا، سڑک پر ریس یا گاڑیوں کے اسٹنٹ یا اس کے ارد گرد بے ترتیب ہجوم میں حصہ لینے کے لیے جمع ہونا، یا گاڑیوں کی کھڑکیوں کے لیے ٹنٹنگ کی اجازت کی حد سے تجاوز کرنے پر 2,720 ڈالر (10,000درہم ) تک جرمانہ ہے۔پولیس کی پیشگی اجازت کے بغیر روڈ ریس میں حصہ لینا پر بھی آپ کی گاڑی ضبط ہوسکتی ہے، جس پر 2,720 ڈالر(10,000درہم) تک جرمانہ ہے۔رستوں پر تفریحی موٹرسائیکل چلانا اور لاپرواہی سے ایسے طریقے سے گاڑی چلانا جس سے اجان، املاک اور عوامی تحفظ کو خطرہ لاحق ہو کے لیے 13,610 ڈالر ( 50,000درہم ) جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔گاڑی میں ایسی بنیادی تبدیلیاں کرنا جس کے نتیجے میں آپریشن یا ڈرائیونگ کے دوران مقررہ حد رفتار یا شور میں اضافہ ہوتا ہے اور پولیس کے روکنے پر نہ رکنے والی گاڑیوں پر 2,720 ڈالر (درہم 10,000) جرمانہ ہے۔دبئی پولیس عوام کو نئے قوانین اور خطرناک ڈرائیونگ کے نتائج سے آگاہ کرنے کے لیے سات ہفتوں کی آگاہی مہم چلا رہی ہے۔