اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین وزیر خارجہ بلاول بھٹو زر داری نے کہاہے کہ مضبوط قوت ارادی کی حامل مادر ملت اپنے بھائی قائد اعظم محمد علی جناح کے لیے طاقت کا سرچشمہ تھیں۔مادر ملت فاطمہ جناح کی 56ویں برسی پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہاکہ محترمہ فاطمہ جناح صاحبہ کی 56ویں برسی پر انھیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ محترمہ فاطمہ جناح نے دو قومی نظریہ کی حمایت اور برطانوی راج کی شدید مخالفت کرتے ہوئے تحریک پاکستان میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوںنے کہاکہ محترمہ فاطمہ جناح نے پاکستان ویمنز ایسوسی ایشن کی مشترکہ بنیاد رکھی۔ انہوںنے کہاکہ جس نے نو تشکیل شدہ ملک میں خواتین تارکین وطن کی آباد کاری میں اہم کردار ادا کیا۔ بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ پوری قوم محترمہ فاطمہ جناح کو پاکستان کے لیے تحریک آزادی اور بعد ازاں ملک کی بحالی کے لیے نمایاں خدمات پر سلام پیش کرتی ہے۔ بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ فاطمہ جناح کےقائدانہ کردار نے پاکستانی خواتین کی بھی حوصلہ افزائی کی۔ انہوںنے کہاکہ مضبوط قوت ارادی کی حامل مادر ملت اپنے بھائی قائد اعظم محمد علی جناح کے لیے طاقت کا سرچشمہ تھیں۔