کراچی (آغاخالد)
پاکستان کا ہرشہری ڈھائی لاکھ روپے سے زائد کا مقروض ہے، اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 31 مئی 2023 تک ملک کا مجموعی قرضہ 58962 ارب روپے ہوچکاہے، اور روزانہ سننے کو یہ ملتاہے ملک کی 65 فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے جاچکی ہے اور سوائے چند ارب پتیوں کے لوگوں کو 3 وقت کی روٹی کے لالے پڑرہے ہیں، مگر آئیے سچ کی تلاش میں ہم نتھیاگلی کے ایک 5 اسٹار ہوٹل کے روز مرہ معمولات سے ان دعووں کوجانچتے ہیں، یہ نتھیاگلی کا ایک شاندار اور مہنگا ترین ہوٹل الپائن ریزرٹ ہے اس میں 5 کمروں کے ایک ولا کا 24 گھنٹے کا کرایہ 3لاکھ ہے جس میں کھانا شامل نہیں جبکہ ایک ابلا انڈا ساڑھے 6 سو اور چاول کی ایک پلیٹ 1000 ہزار اور لسی کا گلاس 300 روپیہ کا چاکلیٹ شیک 1200 اور چائے 170 روپیہ کی ہے پورے ہوٹل میں 40 بیڈ اور 5 ولا ہیں آپ سوچ رہے ہونگے کہ اس میں چونکادینے والی بات کیاہے اب سنیں نتھیاگلی کی آخری چوٹی پر واقع اس انتہائی دلکش اور من موہ لینے والی ہوٹل کی سال بھر کی ایڈوانس بکنگ ہوچکی ہے اور یہ سلسلہ گزشتہ کئی برس سے جاری ہے یعنی اگر آپ کی جیب اس کی اجازت دیتی ہے کہ آپ نے جون جولائی کی بچوں کی چھٹیاں نتھیا گلی میں گزارنی ہیں تو آپ کو آج ہی اگلے برس کی بکنگ کرانا ہوگی یہ ہے ہمارے مقروض اور غریب ملک کی ایک تفریح گاہ کے حالات حاضرہ جبکہ ایسی تفریح گاہیں اور ہوٹلز ملک کے شمالی علاقوں میں بڑی تعداد میں موجود ہیں-