کراچی (نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے معروف روحانی بزرگ حضرت عبداللہ شاہ غازی ؒ کے مزار پر چادر چڑھا کر ان کے 1293ویں عرس کا افتتاح کردیا، گورنر سندھ نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، گورنر سندھ نے ملک و قوم کی سلامتی ، خوشحالی ، ترقی اور استحکام کے لئے بھی خصوصی دعائیں کیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مذہبی رواداری کے فروغ کے لئے صوفیائے کرام اور بزرگان دین کی تعلیمات پر عملدرآمد ضروری ہے، تاکہ باہمی اعتماد ، محبت اور اخوت کا پیغام عام ہوسکے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ سندھ صوفیائے کرام اور بزرگان دین کی دھرتی ہے ، صوفیوں کا پیغام انسانیت و محبت ہے، صوبہ میں ان بزرگان دین کے عمل و کردار کے باعث ہی اسلام پھیلا، ان بزرگان دین نے ہمیشہ محبت، اخوت اور بھائی چارہ کا درس دیا، انہوں نے مزید کہا کہ سندھ دھرتی پر آباد تمام قومیت کے لوگ محبت ، اخوت اور بھائی چارہ کے لازوال رشتہ سے پیوستہ ہیں۔