کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتا ن سرفراز احمد نے گورنرہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں صوبہ میں کرکٹ کے فروغ ، نوجوان کرکٹرز کی تربیت ، حکومتی اقدامات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنرسندھ نے کہا کہ کراچی کے شہری کرکٹ سے جنون کی حد تک لگاو رکھتے ہیں، شہر میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی پر شائقین کی خوشی دیدنی تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان باصلاحیت اور ہر شعبہ میں کچھ کرنے کا جنو ن رکھتے ہیں ،ضرورت ان نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی ہے اس ضمن میں شہر میں نوجوان کرکٹر ز کے لئے مختلف اکیڈمیز کام کر رہی ہیں شہر کی ان اکیڈمیز میں نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جارہا ہے۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ اس شہر نے محمدبرادران ، جاوید میاں داد سمیت کئی عالمی معیار کھلاڑی مہیا کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں کرکٹ کا فروغ میرا مشن بھی ہے اس لئے کرکٹ کے فروغ کے لئے میری خدمات ہر وقت حاضر ہیں۔سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ گورنرسندھ کی کرکٹ کے کھیل میں دلچسپی خوش آئند ہے جبکہ کرکٹ کے فروغ کے لئے گورنرسندھ کا تعاون شاندار ہے ۔