اسلام آباد/ لاہور/ کراچی/ کوئٹہ / پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ملک بھر میں آج یوم تقدیس قرآن پاک منایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی کال پر پاکستانی عوام آج قرآن پاک کی بے حرمتی کے دلخراش واقعے پر ایک آواز ہو کر ملک گیر احتجاج کر رہے ہیں۔ اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں بڑی تعداد میں شہریوں نے احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی اور عالمی برادری سے قرآن پاک کی بے حرمتی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر وکلاءنے بھی ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ گوجرانوالہ میں مسیحی برادری بھی احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوئی جبکہ فیصل آباد میں آج وکلاءنے ہڑتال کی۔ ملتان میں جماعت اسلامی کی لیبر ونگ نے عید گاہ سے چوک کچہری تک تحفظ حرمت قرآن ریلی نکالی اور سویڈن واقعے کی پر زور الفاظ میں مذمت کی، سرگودھا میں وکلاءنے سویڈن واقعے کے خلاف ڈسٹرکٹ بار روم سے احتجاجی ریلی نکالی۔ بہاولنگر میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ اورجماعت اسلامی، لودھراں میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی اور ریلی میں سویڈن حکومت کے خلاف نعرے بھی لگائے گئے۔ مظفرگڑھ میں سویڈن واقعے کےخلاف جماعت اسلامی نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ کراچی بارایسوسی ایشن کی جانب سے سویڈن واقعہ پرعدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا گیا جس کے باعث آج ضلعی عدالتوں میں کیسز کی سماعت نہیں ہوئی، شہر قائد میں وفاقی اردو یونیورسٹی کے طلبا و طالبات اور اساتذہ نے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس کے علاوہ سکھر میں جماعت اسلامی کے کارکنوں نے پریس کلب کے سامنے ریلی نکالی اور میرپور خاص میں بھی یوم تقدیس قرآن کے موقع پر جماعت اسلامی نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی اور نوشکئی میں بھی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، اگر صوبہ خیبر پختون خوا کے شہر صوابی میں مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام سویڈن واقعہ کے خلاف ریلی نکالی گئی۔ دوسری جانب آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں مرکزی عید گاہ سے آزادی چوک تک سویڈن واقعہ کےخلاف احتجاج کرنے کے لیے پیدل مارچ کیا گیا، مارچ کے شرکاءنے سویڈن کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔