اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق کی زیر صدارت پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں یونیورسل سروس فنڈ کے مالی سال 2023-24 کیلئے 18 ارب 13 کروڑ روپے اوراگنائٹ کے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ فنڈ کیلئے 3 ارب 20 کروڑ روپے کے سالانہ بجٹ کی منظوری دیدی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری آئی ٹی نوید احمد شیخ، ایڈشنل سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس، سینئر جوائنٹ سیکریٹری علی اصغر، ممبر ٹیلی کام محمد عمر ملک، چیف ایگزیکٹیو یو ایس ایف حارث محمود چوہدری، چیف ایگزیکٹیو اگنائٹ عاصم شہریار حسین سمیت دیگر ممبران شریک تھے۔پالیسی کمیٹی اجلاس کے دوران وفاقی وزیر آئی ٹی کو یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو نے جاری منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی، اس موقع پر وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہا کہ ایک جانب لیٹر آف کریڈٹ کی محدود اجازت سے ٹیلی کام کمپنیوں کو اپنے اپ گریڈڈ سسٹمز اور آلات کی درآمد میں مشکلات کا سامنا ہے جس سے یونیورسل سروس فنڈ کے جاری منصوبے بھی تاخیر کا شکار ہورہے ہیں تو دوسری جانب یونیورسل سروس فنڈ کے پاس موجود رقم آئندہ سال کے بجٹ اور جاری منصوبوں کی ادائیگی کیلئے ناکافی ہے ایسے میں وفاق کے پاس موجود 57 ارب روپے کی رقم واپس نہ ملی تو منصوبوں اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ میں مشکلات ہوسکتی ہے۔ سید امین الحق نے سیکرٹری آئی ٹی کو ہدایت کی کہ وہ رقم کی واپسی کیلئے وزارت خزانہ سے فوری رابطہ کریں۔