کراچی (نمائندہ خصوصی )کراچی میں (آج) جمعہ سے 11 جولائی تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق (آج) جمعے کو کراچی کے مضافات میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں مشرقی اور شمال مغربی سندھ میں سے داخل ہوگئی ہیں، مون سون ہوائیں بتدریج سندھ میں پھیل جائیں گی۔9 جولائی تک دادو اور جامشورو میں آندھی اور بارش کا امکان ہے جبکہ قمبر، تھر پارکر اور عمر کوٹ میں بھی چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔(آج) جمعہ سے 9 جولائی کے دوران لاڑکانہ، جیکب آباد اور کشمور میں بارش کا امکان ہے۔حیدر آباد میں بھی (آج) جمعہ سے 9 جولائی کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ٹھٹھہ، سجاول اور بدین میں بھی (آج)جمعہ سے 9 جولائی تک آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،اس دوران مختلف مقامات پر کہیں کہیں موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔