اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وزارت خزانہ نے میڈیم ٹرم ڈیبٹ اسٹریٹیجی رپورٹ جاری کر دی،2026 تک معاشی شرح نمو ساڑھے 5 فیصد تک پہنچ جائے گی۔وزارت خزانہ کے مطابق اگلے تین سال میں مہنگائی نمایاں کمی سے 6.5فیصد پر آ جائے گی۔ اگلے سال مہنگائی کی شرح 7.5فیصد تک محدود کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔آئندہ سال جی ڈی پی گروتھ 5فیصد اور مالیاتی خسارہ 5.1فیصد رہنے کا امکان ہے۔ رواں سال قرض ادائیگی کے لیے پانچ ہزار 700 ارب جبکہ اگلے سال پانچ ہزار 500 ارب روپے درکار ہوں گے۔رپورٹ کے مطابق 2026 سے 2027 کے دوران قرضوں کی ادائیگی کا بوجھ بتدریج کم ہوگا۔ تین سال میں بیرونی قرض مجموعی ملکی قرض کے 40 فیصد تک لایا جا سکے گا۔بانڈز اور طویل مدتی پالیسی کے تحت قرض لینا ترجیح ہو گی۔ نیا قرض فکسڈ شرح سود کے بجائے فلوٹنگ ریٹ پر حاصل کیا جائے گا۔ عالمی مارکیٹ سے دس سے پندرہ سالہ مدت کیلئے قرض حاصل کیا جائے گا۔ کمرشل قرض کے لیے معاہدے کی مدت تین سال یا اس سے زیادہ رکھی جائے گی۔