اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )ترک سفیر ڈاکڑ مہمت پیکچی نے سپریم کورٹ بار روم کا افتتاح کر دیا ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک سفیر نے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات صدیوں پر محیط ہیں ،یہ تعلقات 16 صدی سے بھی پہلے کے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہر مشکل گھڑی میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ 2005 کے تباہ کن زلزلے میں ترکیہ کے بہن بھائی پاکستانی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے تھے ۔انہوںنے کہاکہ ترکیہ میں 6 فروری کے تباہ کن زلزلے میں بھی پاکستان نے ساتھ دیا ۔ انہوںنے کہاکہ جب ترکیہ میں زلزلہ آیا تو ایک ترکیہ کا جہاز کراچی میں سیلاب متاثرین کی امداد لے کر پاکستان پہنچا تھا ۔ انہوںنے کہاکہ اگلے ہی دن تباہ کن زلزلے کے بعد طبعی امداد کا سامان پاکستان سے ترکیہ پہنچ گیا ۔ انہوںنے کہاکہ ترکیہ کوآرڈینیشن اینڈ کوآپریشن ایجنسی ہمیشہ سے پاکستان میں فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سپریم کورٹ بار روم کی تزئین و آرائش کیلئے ترکیہ کوآرڈینیشن اینڈ کوآپریشن ایجنسی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ انہوںنے کہاکہ میں سپریم کورٹ بار ایسوسی کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عابد زبیری نے کہاکہ پہلی جنگ عظیم کے بعد مصطفی کمال اتاترک نے ماڈرن ترکی کی بنیاد رکھی ،میں ترکیہ کوآرڈینیشن اینڈ کوآپریشن ایجنسی کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ انہوںنے کہاکہ ترکیہ میں تباہ کن زلزلے میں ہزاروں معصوم لوگوں جاں بحق ہوئے اس کے باوجود ترکیہ کے دوستوں نے بار روم کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کروایا ۔عابد زبیری نے کہاکہ میں ترکیہ کے دوستوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ وہ لوگ جو اپنی تاریخ یاد نہیں رکھتے وہ ختم ہوجاتے ہیں ،وکلا انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھاتے رہیں گے ۔ انہوںنےکہاکہ انسانی حقوق اور رول آف لاء وکلا کا بنیادی مقصد ہے ۔