اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)وزیر مملکت مصدق ملک نے کہا ہے کہ نگران حکومت زیادہ سے زیادہ 90 اور کم سے کم 60 دن میں الیکشن کرائےگی،اگست میں حکومت مدت پوری کرے گی اور اس کے بعد الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے، سیاسی اتحاد کا فیصلہ الیکشن کا وقت آنے پر ہوگا۔ ایک انٹرویومیں مصدق ملک نے کہا کہ اگست میں حکومت مدت پوری کرے گی اور اس کے بعد الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے، سیاسی اتحاد کا فیصلہ الیکشن کا وقت آنے پر ہوگا۔مصدق ملک نے کہا کہ نگراں حکومت میں کون کون شامل ہوگا ابھی تک ناموں پر فیصلہ نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہد کے بعد معیشت بحالی کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے، آئی ایم ایف سے ہمیں 9 ماہ کے لیے ریلیف ملا ہے، آنے والی حکومت کو آئی ایم ایف معاہدے سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔مصدق ملک نے کہا کہ زراعت، صنعت اور دیگر شعبوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں کچھ فیڈرز پر 80 فیصد تک بجلی چوری ہوتی ہے، بجلی کی چوری روکنے کے لیے اسمارٹ میٹرز لگائے جا رہے ہیں، بجلی ترسیل کے نظام میں اصلاحات کرنے کی ضرورت ہے۔وزیرِ مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ آنے والے دنوں میں تیل کی قیمتوں میں ریلیف دینے کی کوشش کریں گے، پیٹرول پر لیوی مزید 5 سے 7 روپے تک بڑھ سکتی ہے۔مصدق ملک نے کہا کہ ہم نے 2 نئے معاہدے کیے ہیں، ایک معاہدہ متحدہ عرب امارات سے کیا ہے جس پر ابھی دستخط نہیں ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے 2 جہاز یو اے ای سے گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ بنیاد پر اور ایک جہاز آذربائیجان سے خریدیں گے۔