لاہور(نمائندہ خصوصی ) محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے اراضی کرپشن اسکینڈل کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو آج ( بدھ ) کے روز طلب کرلیا۔ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کولیہ اراضی سکینڈل میں طلب کیا گیا ہے، سابق وزیراعظم کی بہن اور بہنوئی کو بھی آج ( بدھ ) کے روز پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ طلبی کا نوٹس زمان پارک کی رہائش گاہ پر چسپاں کیا ہے۔اینٹی کرپشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے معزز عدالت میں وعدہ کیا تھا کہ وہ انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گے، انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کے وعدے کے بعد آج بدھ کے روز ان کی پہلی طلبی ہے۔ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق اینٹی کرپشن انکوائری ٹیم میرٹ پر لیہ اراضی سکینڈل کی تحقیقات کر رہی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کے اسکینڈل میں ملوث ہونے کے واضح شواہد موجود ہیں۔ عدم پیروی یا غیر حاضری کی صورت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف یکطرفہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔