کراچی(نمائندہ خصوصی) عیدالاضحیٰ کے موقع پر گوشت کے بے دریغ استعمال پر کراچی کے ہزاروں شہری فوڈ پوائزننگ کا شکار ہوگئے۔ذرائع کے مطابق صرف جناح اسپتال میں 3 ہزار سے زائد مریضوں کو فوڈ پوائزننگ کے علاج کے لیے لایا گیا۔صوبائی محکمہ صحت اور بلدیہ عظمیٰ کے تحت چلنے والے اسپتالوں اور نجی طبی مراکز میں بھی عید کی تعطیلات میں کئی ہزار افراد کو بسیار خوری اور گوشت کے بے تحاشا استعمال کے باعث لایا گیا۔ماہرین صحت کے مطابق ، عید قربان کے موقع پر قربانی کا گوشت احتیاط کے ساتھ کھانا بہتر ہے، گرم موسم میں زیادہ گوشت کھانے سے بدہضمی اور پیٹ کا نظام متاثر ہوسکتا ہے۔عید قربان کا موقع ہو اور مزیدار چٹ پٹے کھانے نہ کھائے جا ئیں ایسا ممکن نہیں، ذرا ٹھہریے ماہرین صحت کے مطابق صحت مند افراد دن میں ایک پاﺅ جبکہ کولیسٹرول، شوگر اورامراض قلب کے مریض نصف پاﺅ گوشت کھا سکتے ہیں۔ماہرین کے مطابق گردے، کلیجی، مغز اور پائے میں کولیسٹرول کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے لہٰذا امراض گردہ، امراض قلب اور شوگر کے مریض ان سے پرہیز کریں۔ماہرین کے مطابق بار بی کیو بناتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھیں گوشت اچھی طرح پکا ہوا ہو کیونکہ بار بی کیو میں گوشت کچا اور عام طور پر جانور کا خون بھی لگا ہوا ہوتا ہے جو انسانی صحت کے لیے نقصان کا باعث بن سکتا ہے اور آپ مختلف بیماریوں کا شکار ہوسکتے ہیں۔