اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) ادارہ شماریات نے ماہانہ مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردئیے، ماہ جون میں مہنگائی میں 0.26 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔ادارہ شماریات کے مطابق جون 2022 کے مقابلے میں جون 2023 میں مہنگائی 29.40 فیصد ریکارڈ، گزشتہ مالی سال مہنگائی کی مجموعی شرح 29.18 فیصد رہی، ماہ جون میں شہروں میں مہنگائی کی شرح میں 0.10 فیصد کا اضافہ ہوا، ماہ جون میں دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں 0.76 فیصد کی کمی ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق ایک سال میں سگریٹ کی قیمت میں 129 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا، ایک سال میں چائے 113 فیصد سے زائد مہنگی ہوئی، ایک سال میں گندم کا آٹا 90 فیصدجبکہ ایک سال میں چاول کی قیمت میں 73 فیصد کا اضافہ ہوا، ایک سال میں آلو 65 فیصد اور گندم 62 فیصد سے زائد مہنگی ہوئی، ایک سال میں مرغی 58 فیصد اور دال مونگ 50 فیصد سے زائد مہنگی ہوئی ۔