اسلام آباد(بیورو رپورٹ ) شہر قائد میں شدید گرمی میں بجلی کا بحران سنگین ہوگیا ، مختلف علاقوں میں سولہ گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے، جس سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔تفصیلات کے مطابق عید تعطیلات ختم ہونے کے بعد کراچی میں شدید بجلی کی لوڈشیڈنگ کا جن ایک بار پھر بے قابو ہوگیا، شہر قائد میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 سے تجاوز کرگیا جبکہ مختلف علاقوں میں سولہ گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔گلستان جوہر،ملیرکے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش معمول بن گئی ہے جبکہ عزیز آباد، محمدی کالونی، گارڈن، گلزارہجری میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان ہیں۔سخت گرمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو شدید پریشانی اور اذیت سے دوچار کیا ہوا ہے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ گھنٹوں لوڈ شیڈنگ کے باوجود ہزاروں روپے کے بل بھیج دیتے ہیں جبکہ بجلی بندش سے پانی کا بحران بھی پیداہوگیا ہے۔دوسری جانب گلستان جوہر،رام سوامی اور ملیر پندرہ میں کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج کیا گیا ، جس کے باعث کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہا۔ وزارتِ توانائی کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ملک بھر میں بجلی کی طلب میں کمی ہوئی ہے۔وزراتِ توانائی کے ذرائع کے مطابق ملک بھر میں بجلی کی طلب 21 ہزار 2 سو میگا واٹ ہے، جبکہ پیداوار 19 ہزار میگا واٹ ہے۔ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 2 ہزار 2 سو میگا واٹ ہے، فیکٹریاں، کارخانے اور کاروباری مراکز پوری طرح نہ کھلنے کی وجہ سے ڈیمانڈ کم ہے۔ وزراتِ توانائی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک دو روز میں بجلی کی طلب اور رسد کا نیا شیڈول جاری کیا جائے گا۔لیسکو ذرائع کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں بجلی کی طلب 3600 میگا واٹ ہے، اس وقت لیسکو کو 3500 میگا واٹ بجلی مل رہی ہے۔لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کا شارٹ فال 100 میگا واٹ ہے، لیسکو کی حدود میں فی الحال شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔لیسکو حکام کے مطابق دیہی اور ہائی لاسز فیڈرز پر 2 سے 3 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔