اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی نے کہاہے کہ 1952کے بعد پاکستان میں معاشی ترقی کی شرح منفی صرف 20-2019 میں پی ٹی آئی کے دور میں ہوئی ہے، پی ٹی آئی کی تباہی کے چار سال میں دو کروڑ سے زائد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے، موجودہ حکومت نے عمران کی لگائی آگ بجھائی، ملک کو معاشی استحکام کی طرف واپس لائے۔اتوار کو حماد اظہر کے بیان پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہاکہ پھر جھوٹ، 1952 کے بعد پاکستان میں معاشی ترقی کی شرح منفی صرف 20-2019 میں پی ٹی آئی کے دور میں ہوئی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت 18-2017 میں ترقی کی شرح6.1 فیصدپر چھوڑ کر گئی تھی۔ 20-2019 تک پی ٹی آئی نے ترقی کی شرح منفی 0.94 فیصدتک گرا دی تھی۔انہوں نے کہاکہ رواں سال میں ہم نے پی ٹی آئی کی لگائی آگ بجھائی اور آپ کی تمام تر کوششوں کے باوجود شرح ترقی منفی نہیں ہوئی۔ پی ٹی آئی کی تباہی کے چار سال میں دو کروڑ سے زائد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے، 60 لاکھ سے زائد بے روزگار ہوگئے، چار سال مستقل کمر توڑ مہنگائی رہی، پاکستان کی تاریخ کے سب سے زیادہ قرض لئے اور ان کا حجم دوگنا کر دیا گیا، پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑا مالیاتی اور تجارتی خسارہ چھوڑ کر گئے اور جاتے جاتے آئی ایم ایف سے وعدے اور اپنے معاہدے کو توڑ کر ملک کو ڈیفالٹ کی طرف دھکیل گئے۔انہوں نے کہاکہ غیرجمہوری سازشوں سے کرپٹ عمران اور اس کا نالائق ٹولہ ملک پر مسلط کیا گیا جس کی بھاری قیمت اور نقصان پاکستانی عوام اب تک اٹھا رہے ہیں۔ موجودہ حکومت نے عمران کی لگائی آگ بجھائی، ملک کو معاشی استحکام کی طرف واپس لائے اور آپ کی تمام تر کوششوں کے باوجود ملک کو معاشی ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن کریں گے، انشاءاللہ۔