اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )اسلام آباد پاکستانی حجاج کو لیکر پہلی پرواز آج پاکستان پہنچے گی،آج 2جولائی کو پہلی تین حج پروازیں کراچی‘ لاہور‘ اسلام آباد ائرپورٹ پر پہنچیں گی ،پاکستانی حجاج کرام کو لیکر پہلی دو حج پروازیں آج 2جولائی کو اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ لاہور پر اُتریں گی۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر وفاقی وزیر مذہبی امور سنیٹر طلحہ محمود پاکستانی حجاج کرام کا استقبال کرینگے جبکہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ لاہور پر آنیوالی پرواز میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور اُنکی اہلیہ کی آمد متوقع ہے۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف الرحمان علوی اپنی فیملی اور پرسنل سٹاف کے ہمراہ امکانی طور پر 4جولائی منگل کو اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پہنچیں گے۔ سعودی عرب سے کم و بیش تین سو حج پروازوں میں تقریباً ایک لاکھ 79ہزار پاکستانی حجاج وطن واپس آ رہے ہیں۔ آخری حج پرواز 2اگست 2023ء کو پاکستان پہنچے گی۔ حج پروازیں پاکستان کے سات بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر پہنچ رہیں ہیں جبکہ امکانی طور پر کوئٹہ انٹرنیشنل ائرپورٹ پر براہ راست بلوچستان کے حجاج کرام پہنچیں گے جہاں پر پچھلے ماہ سے سول ایوی ایشن اتھارٹی آف پاکستان نے دن رات پروازوں کے ٹیک آف اور لینڈنگ کا لائسنس جاری کیا ہے۔ حج پروازوں کے ذریعے وزیر مملکت برائے اُمور خارجہ حنا ربانی کھر‘ وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی جنہوں نے بھی اس سال فریضہ حج ادا کیا ہے‘ بھی آئندہ چند روز کے دوران وطن واپس پہنچ جائیں گے۔ حجاج کی اکثریت پاکستان کی قومی ائرلائن پی آئی اے‘ سعودی عرب کی ائرلائن السعودیہ اور پاکستان کی دو نجی ائرلائنز کے ذریعے وطن واپس آئے گی۔