کراچی (نمائندہ خصوص)
گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنرہائوس میں اونٹ نحر کیا۔ واضح رہے کہ عید الاضحی کے ایام میں گورنرہائوس میں 100اونٹوں کی قربانی کی گئی۔ اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ،متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیط عتیق الرومیتھی بھی موجو د تھے ۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ قربانی کا گوشت سفید پوش اور مستحق افراد میں تقسیم کیاگیا ہے گورنرہائوس میں 100اونٹوں کی قربانی کا جو سلسلہ شروع کیا تھا الحمد اللہ وہ پورا ہو گیاہے ۔انہوں نے کہا کہ قربانی کا گوشت اور راشن غرباء میں تقسیم کرکے انہیں بھی عید الاضحی کی خوشیوں میں شامل کرنے کی شاندار کوشش الحمد اللہ کافی حد تک کامیاب رہی ہیں کیونکہ پہلے دن سے ہی صاحب حیثیت افراد سے اپیل کررہا تھا کہ عید الاضحی کی خوشیوں میں مستحق افراد کو شامل ضرور کریں اس ضمن میں گورنرہائوس سے اس کا آغاز کیا گیا ۔بعدا زاں گورنرسندھ نے گورنرہائوس میں مستحقین میں یونٹی فوڈز طاقتور پروگرام کے راشن بیگز تقسیم کئے ۔ اس موقع پر موجود میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ عید الاضحی کے ایام میں 20ہزار مستحق افراد میں راشن بیگز تقسیم کئے گئے اور اب یہ سلسلہ رکنے والا نہیں ، عید الاضحی کے بعد بھی مزید 20ہزار کارڈ تقسیم کریں گے جبکہ ایک لاکھ سے زائد افرد کو راشن بیگز دیئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کارڈ حاصل کرنے والے افراد 6ماہ تک راشن حاصل کر سکیں گے ،27کلو وزنی راشن بیگ 5افراد کے گھرانہ کی ایک ماہ کی ضروریات پوری کرسکتا ہے ،اس کار خیر میں یونٹی فوڈز کا تعاون ناقابل فراموش ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ سفید پوش افراد لوگوں کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلا سکتے ہیں ،سفید پوش افراد گورنرہائوس آئیں ، یہ ان کا اپنا گورنرہائوس ہے اور یہ عوام کا حق ہے جو انہیں دیا جارہا ہے ۔ایک اور سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ 12ربیع الاول کے بابرکت روز میرا نوٹیفکیشن جاری ہوا ،پوری کوشش ہے کہ اللہ تعالی کی ہدایت کے مطابق اس کی مخلوق کی خدمت کرسکوں کیونکہ معاشی حالات کے باعث سفید پوش افراد اس وقت شدید متاثر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یونٹی فوڈز کے فرخ امین اس نیک مقصد میں بھرپور تعاون کررہے ہیں ۔ علاوہ ازیں گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری متحدہ قومی موومنٹ کے عارضی مرکز بہادر آباد گئے ۔متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔گورنر سندھ نے گائے کی قربانی بھی کی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ میرا مقصد غریب و مستحق افراد کو عید الاضحی کی خوشیوں میں شریک کرنا ہے ، قربانی کا زیادہ سے زیادہ گوشت سفید پوش افراد اور مستحقین کو دینا ضروری ہے ۔