کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کراچی میں دینی مدارس اور رفاہی اداروں کو قربانی کی کھالوں کے اجازت نامے جاری کرنے میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سن کر بڑا افسوس ہوا کہ باب الاسلام سندھ کے سب سے بڑے شہر کراچی کے دینی مدارس اور رفاہی ادارے چرم قربانی کے اجازت نامے وصول کرنے کیلئے سندھ حکومت کے رحم وکرم پر ہیں ۔ جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے وزیراعلی سندھ ، چیف سیکریٹری سندھ ، کمشنر کراچی ، میئر کراچی سے مطالبہ کرتی ہے کہ رفاہی اداروں اور دینی مدارس کو قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے اجازت نامے فوری جاری کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ کھالیں جمع کرنا دینی مدارس اور رفاہی اداروں کا بنیادی حق ہے عوام ان اداروں کو چرم قربانی ہدیہ کرتے آرہے ہیں ، ہم یہ حق کسی کو چھیننے نہیں دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہرسال سندھ حکومت نت نئی شرائط لگانے کی بات کرتی ہے جو ہمیں قبول نہیں دینی مدارس کو پرانے طے شدہ شرائط پر اجازت نامے جاری کئے جائیں ۔ علامہ راشدمحمود سومرو نے کہا کہ دینی مدارس اور رفاہی اداروں کو 15 بیس روز سے ٹال مٹول کیا جارہا ہے ۔ سندھ حکومت ، میئر کراچی، کمشنر کراچی اور ڈپٹی کمشنرز چرم قربانی کے اجازت ناموں کا جلد اجراء کریں ۔ ورنہ جے یوآئی دینی مدارس اور رفاہی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔ ہم مدارس اور رفاہی اداروں کو مشورہ دیں گے وہ بغیر اجازت نامے کے چرم قربانی جمع کریں وقت گزرنے پر چرم قربانی کے اجازت ناموں کی ہمارے لئے کوئی حیثیت نہیں رہے گی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم دیکھتے ہیں کس مائی کے لعل میں جرأت ہے کہ وہ دینی مدارس اور رفاہی اداروں کے نمائندوں کو کھالیں جمع کرنے سے روکے۔ جمعیت علمائے اسلام دینی مدارس اور رفاہی اداروں کے شانہ بشانہ رہے گی ۔