اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) انسدادِ منشیات کےلئے عالمی آگاہی مہم کا آغاز، وزیراعظم یوتھ پروگرام اور تمام ایس سی او مما لک مہم کا حصہ بنیں گے ۔ تفصیلا ت کے مطابق دنیا بھر میں 35 کروڑ افراد منشیات کی عادی ہیں جبکہ پاکستان میں ایک کروڑ افراد اس لت میں مبتلا ہیں جن میں ہر سال پانچ لاکھ افراد کا اضافہ ہو رہا ہے،ہر سال 26 جون کو انسدادِ منشیات کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے جس کا مقصد منشیات کے خلاف لڑنے کا عہد اورنوجوانوں کو منشیات کے نقصان سے آگاہ کرنا ہے۔دنیا کی تقریباً سات ارب آبادی میں سے ساڑھے 4 ارب افراد کی عمریں 15 سے 64 سال کے درمیان ہیں جن میں نشہ کرنے والوں کی شرح 7 فیصد ہے۔ پاکستان میں اس سال منشیات کی روک تھام کے لئے شنگھائی کاپوریشن آرگنائزیشن (SCO)کے تمام رکن نوجوانوں کے امور کی وفاقی ایجنسی (روسی فیڈریشن) کے تعاون سے عالمی سطح پرمنشیا ت کے خلاف مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے اس سلسلہ میں 26 جون سے 9 جولائی تک منشیات کے نقصانات کے متعلق آگاہی مہم کا انعقاد کیا جا رہا ہے، ملک بھر کے نوجوانوں کو مہم کا حصہ بنایا جا رہا ہے جس کے تحت نوجوان اپنے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز پرمنشیات کی روک تھام اور زندگی میں مرتب ہونے والے اس کے اثرات سے منسلک ایک پوسٹ، کہانی یا ویڈیوپوسٹ کریں گے، جس میں صحت مند طرز زندگی کی پیروی کرنے کی ترغیب ملتی ہو، اس مہم کا مقصد نوجوانوں میں منشیات سے منسلک خود آگاہی کا شعور پیدا کرنا ہے۔ اس مہم میں بہترین اشاعت پرانعامانات سے نوازا جائے گا، اس کے علاوہ نوجوانوں کے امور کی روسی وفاقی ایجنسی انہیں لیٹرآ ف اپریسیئشن(تہنیتی خطوط) دے گی۔