کراچی ( نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر بحری امور فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم دبئی کی سیاست کراچی لے کر آئے گی، کے پی ٹی کی زمینوں پر قبضے کے خلاف جلد آپریشن کیا جائے گا ۔کے پی ٹی ڈیلی ویجرز کے لیے 20 ہزار روپے عید بونس کا اعلان کرتا ہوں، یہ رقم فوری ملازمین کو دے دی جائے گی۔کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ وزارت سنبھالی تو سابق انتظامیہ کے ساتھ محنت سے کام کیا، میری جماعت نے مجھے فری ہینڈ دیا۔انہوںنے کہا کہ 2012 میں بھرتی کیے گئے ملازمین کے حقوق کے لیے اعلی سطح پر بات کی، جب تک میں وزیر ہوں کسی ملازم کو نوکری سے نہیں نکالا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی پورٹ اینڈ شپنگ میں نئی ملازمتیں دی جائیں گی، کے پی ٹی کا کوئی ٹرمینل نہیں بیچا گیا، جب وزیر بنا تو چیئرمین کے پی ٹی نے بتایا کے ادارہ نقصان میں ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پی آئی سی ٹی معاہدے میں خود مقدمات کا سامنا کرنے کو تیار ہوں۔انہوںنے کہا کہ یہ دبئی کی سیاست ہو رہی ہے لیکن ایم کیو ایم دبئی کی سیاست کراچی لے کر آئے گی۔فیصل سبزواری نے کہا کہ کے پی ٹی کی زمینوں پر قبضے کے خلاف جلد آپریشن کیا جائے گا، کے پی ٹی کی زمینوں پر قبضے کو ختم کرانے کے لیے نیا جنرل منیجر رکھا جا رہا ہے، پی ٹی آئی 1100 ارب روپے سے 11 ارب بھی لگا دیتی تو کراچی کو کچھ سہولت ملتی، موجودہ بجٹ 4 سے 6 ماہ کے لیے ہے، نئی حکومت آئے گی اور اپنا بجٹ دے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ادارے کی ترقی کی بات کی ہے، میں نے کسی بھی عہدے پر اپنی جماعت سے لاکر بندوں کو نہیں بٹھایا، بورڈ آف ٹرسٹی میں وہ لوگ شامل ہیں جو تین بار قومی اسمبلی میں رہ چکے ہیں۔انھوں نے کہا کہ2021 میں وزیراعظم سے کہا کہ 2012 کا مقدمہ ملازمین جیت چکے ہیں، وزیراعظم سے کہا کہ حکومت کو ملازمین کے خلاف مزید اپیل میں نہیں جانا چاہیے، فروغ نسیم نے اس وقت ان کو سمجھایا کہ آپ کیس ہار جائیں گے، ہم نے پہلا کام یہ کیا کہ آپ کی رکی ہوئی تنخواہوں میں اضافے کو بحال کیا۔