گوادر( نمائندہ خصوصی) گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے 2000 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دیدی ۔ گوادر میں ماہی گیروں کے لیے رہائشی کالونی کی فزیبلٹی اسٹڈی کے لیے 33.8 ملین روپے کی منظوری دی گئی ۔ گزشتہ سال گوادر کے دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مقامی ماہی گیروں کے لیے رہائشی کالونی کی تعمیر کے لیے 200 ایکڑ اراضی مختص کرنے کی منظوری دی تھی۔کالونی کے لیے فزیبلٹی فنڈ زکی منظوری وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت جی ڈی اے گورننگ باڈی کے 26ویں اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کئی دیگر منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی۔وزیراعلی بلوچستان نے اجلاس کو بتایا گوادر ہمارا بنیادی ساحلی شہر ہے اور صوبائی حکومت نے اس کی ترقی کے لیے خاطر خواہ فنڈز فراہم کیے ہیں۔انہوں نے مزید کہا صوبائی حکومت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے گوادر کے لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنا رہی ہے۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق اجلاس میں اتھارٹی کے مالی سال 2022-23 کے نظرثانی شدہ بجٹ اور مالی سال 2023-24 کے مجوزہ بجٹ کی منظوری دی گئی۔اتھارٹی کی باڈی نے اضافی اراضی کے ساتھ 100 ایکڑ کی مجوزہ جی ڈی اے ہاﺅسنگ اسکیم کے ساتھ ساتھ گوادر میرین ڈرائیو پر تفریحی مقامات اور سمندری غذا کی اسٹریٹ کی تعمیر کے لیے ساحل سمندر کی ترقی کی بھی منظوری دی۔