لاہور(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم سید مرتضیٰ محمود نے کہا ہے کہ ایس ایم ای سیکٹر ملک کو معاشی بحران سے نکالنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے اور حکومت اس مقصد کیلئے ایس ایم ایز کو تمام تر ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے سمال اینڈ میڈیم ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام ایس ایم اے کے عالمی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پنجاب انڈسٹریز کارپوریشن، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ، پنجا ب اربن یونٹ ، ایف ٹی او ، مصالیحہ انٹرنیشنل آربٹریشن سنٹر اور حکومت گلگت بلتستان کے نمائندوں۔نے ایس ایم ایز کی سہولت کاری کیلئے سمیڈا کے ساتھ ایم او یوز پر دستخط کیے۔وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم سید مرتضیٰ محمود نے کہا کہ پاکستان میں زیادہ تر کاروبار مائیکرو ، سمال اور میڈیم درجے کے ہیں،ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں ایس ایم ایز کی تعداد 5.2 ملین ہے جبکہ مجھے یقین ہے کہ یہ تعداد اس اندازے سے کہیں زیادہ ہے۔جب تک ہمارا سمال بزنس ترقی کر کے بڑا نہیں ہوگا ہم ترقی نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا ایس ایم ایزہی ہیں جو ملک میں روزگار کی فراہمی اور غربت کی کمی میں مددگار ہیں ان میں ویلیو ایڈیشن کو فروغ دے کر ہم اپنی برآمدات میں کی گنا اضافہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے سمیڈا کے کام کی تعریف کی اور بتا یا کہ اس برس فنانس ڈیپارٹمنٹ نے سمیڈا کی طرف سے ایس ایم ایز کی ترقی کے لئے پیش کردہ تجاویز منظور کر لی ہیں کیونکہ اس وقت ہماری معیشت کو شدید چیلنجز درپیش ہیں جن کا حل ایس ایم ایز کی ترقی میں ہے۔