سکھر(نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل اور سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کامیاب ہوگی۔احمد شاہ میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت اور ہاریوں کی نشانی ہے، شہدا کے منشور کے مطابق ہمیشہ چلتے رہے ہیں، پاکستان کی معیشت اور مسائل دن بدن بڑھتے جا رہے ہیں۔خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی لیڈرشپ میں آگے بڑھے گی، پیپلز پارٹی 2023 الیکشن کامیابی سے مسائل حل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست جھوٹ پر مبنی نہیں ہے، ہماری سیاست شہادت پر ہے جمہوریت کیلیے ہے، کچھ لوگ جھوٹے نعرے اور سازش کی تحت آئے۔رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ جمہوریت کی جدوجہد کرنے والی جماعتیں آئین کی پاسداری کریں گی، اس ضمن میں کسی کو کوئی شک شبہ نہیں ہونا چاہیے، ہم پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ مخصوص ایجنڈے پر آنے والے ملک کو تباہی کی طرف لے جاتے ہیں، ہم نے ظلم برداشت کیا مگر پارٹی چھوڑی اور نہ سیاست چھوڑی، ہمارا رشتہ کسی مفاد سے نہیں بلکہ اس دھرتی کی مٹی سے جڑا ہے۔