کراچی(نمائندہ خصوصی) کیماڑی کے پی ٹی گراﺅنڈ کے قریب بینظیرانکم سپورٹ کے دفتر کے باہر بھگدڑ مچنے سے 20 خواتین بیہوش ہوگئیں، جس میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ریسکیو ٹیموں نے ایمبولینسوں کے ذریعے متاثرہ خواتین کو اسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ وفاقی وزیر صحت نے بھگدڑ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی بی آئی ایس پی کو ہدایت کی ہے کہ ،آئندہ کوئی پروگرام مقامی عمائدین کے بغیر نہ رکھاجائے۔علاقہ پولیس کے مطابق کے پی ٹی اسکول میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا کیمپ لگا تھا، جس کے باہر خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔پولیس نے بتایاکہ اسکول کا گیٹ کھلا تو اندر جانے کے لیے بھگدڑ مچ گئی۔ایک متاثرہ خاتون نے بتایاکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ہمیں پیسے دینے بلایا گیا تھا۔ایس پی بلدیہ ٹاﺅن مغیز ہاشمی کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں بھگدڑ مچنے سے زخمی ہونے والی 20 خواتین کراچی کے سول اسپتال پہنچی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 16 خواتین زخمی اور بیہوش ہوئی تھیں، دیگر 4 خواتین زخمی خواتین کے ہمراہ طبی امداد کے لیے اسپتال گئی تھیں۔ایس پی بلدیہ ٹاﺅن نے بتایا کہ اسکول میں جگہ کم ہونے کے باعث وقفے وقفے سے لوگوں کو بھیجا جا رہا تھا، گیٹ کھلا تو بھگڈر مچ گئی، گیٹ پر لوگوں کی تعداد بہت زیادہ تھی۔انہوں نے بتایا کہ گیٹ کھلنے پر موجود اسکول کی ڈھلان کے باعث خواتین گر گئیں، جبکہ متعدد خواتین گرمی کی وجہ سے بے ہوش ہوئیں۔وفاقی وزیر صحت عبدالقادرپٹیل نے کے پی ٹی اسکول کیماڑی میں بی آئی ایس پی پروگرام میں بھگدڑ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی بی آئی ایس پی کو ہدایت کی ہے آئندہ کوئی پروگرام مقامی عمائدین کے بغیر نہ رکھاجائے۔انہوںنے کہاکہ ایک خاتون کے علاوہ تمام خواتین کی حالت خطرےسے باہر ہے۔واضح رہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت وظائف کی ادائیگی، جو شدید گرمی کے باعث گزشتہ 2 روز سے معطل تھی، وہ پیر کی صبح سے دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔ترجمان بی آئی ایس پی کے مطابق ان وظائف کی ادائیگیاں 28جون بروز بدھ تک جاری رہیں گی۔یہ ادائیگیاں عید الاضحی کی چھٹیوں کے دوران بند رہیں گی اور 3 جولائی سے دوبارہ شروع ہوں گی۔