کراچی(نمائندہ خصوصی) شادی ہالز ایسوسی ایشن نے شہر میں شادی ہالز مسمار کرنے کیخلاف عید کے بعد احتجاج کی دھمکی دے دی۔شادی ہال ایسوسی ایشن کے صدر رانا رئیس نے کہاکہ شادی ہالز مسمار کرنے کا سلسلہ بند نہ ہوا تو عید کے بعد شادی ہال بند کردیں گے، پہلے مرحلے میں کراچی میں شادیوں کی تقریبات کا بائیکاٹ کریں گے جس کے بعد پورے سندھ میں شادی ہالز کو بند کردیا جائے گا، اعلی حکام نے اگر نظر ثانی نہیں کی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔صدر شادی ہال ایسوسی ایشن رانا رئیس نے کہاکہ ایس بی سی اے اور انتظامیہ شہر میں قانونی شادی ہالز کو بھی مسمار کررہے ہیں، تمام قانونی کاغذات کی موجودگی کے باوجود مسلسل شادی ہالز کو مسمار کیا جارہا ہے، ایس بی سی اے کی کارروائی کے خلاف شادی ہال مالکان میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ رات کی تاریکی میں شادی ہال مسمار کرنے اچانک ٹیم پہنچ جاتی ہے، اطلاع اور قانونی اجازت کے بغیر شادی ہال مسمار کردیا جاتا ہے، رات کی تاریکی میں آپریشن کے باعث لیبر کی جان کو نقصان کا خدشہ ہے کیونکہ اس وقت وہاں لیبر آرام کررہی یوتی ہے، اگر کسی بھی لیبر کی جان کو نقصان پہنچا تو ذمہ دار انتظامیہ ہوگی، انہوں نے صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری صاحب سے مطالبہ کیا کہ صورتحال کا نوٹس لیا جائے۔