کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے منصوبہ بندی و ترقیات کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ملاقات میں وفاقی فنڈنگ سے جاری ترقیاتی منصوبوں ، سندھ میں مردم شماری، مستقبل کے زیر تشکیل منصوبوں سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کی گیا۔ گورنرسندھ نے کہا کہ صوبہ میں وفاقی فنڈنگ سے عوام کو سہولیات حاصل ہورہی ہیں ،وفاقی فنڈنگ سے صوبہ کے میگا پروجیکٹس کی تکمیل سے خوشگوار تبدیلی یقینی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک میں کراچی کے منصوبے اہم ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مردم شماری پر صوبہ کے عوام کے تحفظات دور کئے جانا ضروری ہیں۔ وفاقی وزیر احسن اقبا ل نے کہا کہ صوبہ کی ترقی میں وفاقی فنڈنگ جاری رہے گی، صوبہ کی ترقی کے لئے گورنرسندھ کا وژن شاندار ہے ۔