اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )وزارت اطلاعات و نشریات نے ڈائمنڈ جوبلی (75 ویں) یوم آزادی کی تقریبات کے موقع پر خون گرما دینے والا، پرجوش گانا تیار کرنے کے لیے ملک گیر ‘قومی نغمہ مقابلہ’ کا آغاز کیا ہے۔مذکورہ مقابلہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ساتھ مشترکہ طور پر منعقدکروایاجائے گا تاکہ عوام کو آئندہ یوم آزادی کے لیے سرکاری قومی نغمہ بنانے اور ریکارڈ کروانے کی ترغیب دی جا سکے۔ ممکنہ شرکا www.nationalsong75.com پر اپنے اندراجات جمع کروا سکتے ہیں۔گذارشات کو موسیقی کے ماہرین کی ایک متنوع جیوری کے ذریعہ شارٹ لسٹ کیا جائے گا، جو جائزہ لیں گے اور اندراجات کو ٹاپ 10 تک محدود کریں گے۔ٹاپ 10 فائنلسٹ کو جیوری اور لائیو سامعین کے سامنے اپنا گانا پیش کرنے کے لیے مدعو کیا جائے گا۔ جیتنے والے گانے کو جدید ترین آڈیو ویڈیو پروڈکشن سہولیات سے نوازا جائے گا اور اسے پاکستان کی 75 ویں سالگرہ کے قومی گانے کے طور پر پیش کیا جائے گا۔جیتنے والا گانا 14 اگست 2022 کو ملک بھر میں جاری کیا جائے گا۔انٹریز 30 جون کو بند ہوں گی۔ جیوری میں ارشد محمود، حدیقہ کیانی، علی عظمت، فیصل کپاڈیہ، علی حمزہ شامل ہیں جن کے سرپرست شعیب منصور اور میزبان انوشے اشرف اور فخر عالم ہیں۔