مکہ مکرمہ(نمائندہ خصوصی )پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ میں سیکرٹری مذہبی امور کی زیر صدارت منیٰ روانگی بارے اجلاس بتایاگیا ہے کہ سعودی مکاتب نے پاکستانی عازمینِ حج کو خیموں کے کارڈ، ٹرین ٹکٹ کی تقسیم مکمل کر لی۔ پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ میں سیکرٹری مذہبی امور کی زیر صدارت منیٰ روانگی بارے اجلاس ہوا جس میں ڈی جی حج، ڈائریکٹر حج مکہ و مدینہ، ڈائریکٹر معاونین، سہولت و تعاون نے بریفنگ دی اور بتایاکہ پاکستانی عازمینِ حج کو بسوں کے ذریعے منیٰ کی خیمہ بستی پہنچانے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ بتایاگیاکہ سعودی مکاتب نے پاکستانی عازمینِ حج کو خیموں کے کارڈ، ٹرین ٹکٹ کی تقسیم مکمل کر لی،سرکاری حج سکیم کے عازمین کیلئے منیٰ کی خیمہ بستی میں 19 مکاتب حاصل کئے گئے ہیں۔ بتایاگیاکہ 51 ہزار 267 عازمینِ حج کو مشاعر ٹرین کی سہولت مہیا کی جائے گی۔ بتایاگیاکہ 30 ہزار 185 عازمینِ حج کو بسوں کے ذریعے منیٰ، عرفات اور وادی مزدلفہ لایا جائے گا۔ بتایاگیاکہ سعودی مکاتب آج 7 اور 8 ذی الحج کی درمیانی شب عازمینِ حج کی منیٰ روا نگی کا آغاز کریں گے۔ بتایاگیاکہ عازمینِ حج (آج)پیر 8 ذی الحج کا دن اور رات منیٰ کی خیمہ بستی میں قیام کریں گے،موسم کی شدت سے بچانے کیلئے بیشتر عازمین کی روانگی رات کو عمل میں لائی جائے گی۔بتایاگیاکہ 9 ذی الحج کو تمام عازمینِ کرام بسوں اور مشاعر ٹرین کے ذریعے میدان عرفات پہنچیں گے،میدان عرفات میں حج کا رکن اعظم ادا کرنے کے بعد حجاج کرام مزدلفہ پہنچیں گے۔ وفاقی سیکرٹری نے کہاکہ عازمینِ کرام ایام حج میں اپنے ہمراہ مختصر سامان رکھیں، گرمی سے بچنے کیلئے چھتری، مشروبات کا استعمال کریں۔ سیکرٹری مذہبی امور نے کہاکہ رہنمائی کیلئے موبائل ایپ Hajj Navigator اور سبز اسکارف پہنے معاونین حج سے مدد حاصل کریں۔ ڈاکٹر آفتاب اکبر درانی نے کہاکہ عازمینِ حج مناسک حج کی ادائیگی کیلئے مکاتب کے مقرر کردہ اوقات کار کی سختی سے پیروی کریں،ساتھی عازمینِ حج ، ضعیف افراد اور خواتین کا خیال رکھیں، مشاعر کے تقدس کو پیش نظر رکھیں ۔