لاہور(نمائندہ خصوصی ) شدید گرمی کی وجہ سے بجلی کی طلب اور رسد میں خلیج وسیع ہو گئی ، شارت فال 6ہزار598میگا واٹ تک پہنچنے کی وجہ سے شہری علاقوںمیں 4سے6جبکہ دیہی علاقوں میں8سے10گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے ،لاہور میں گرمی کی شدت کی وجہ سے2افراد جان کی بازی ہار گئے ۔پاورڈویژن کے حکام کے مطابق بجلی کی مجموعی پیداوار 20 ہزار 402 میگاواٹ ہے جبکہ طلب 27 ہزار میگاواٹ رہی ، بجلی کی کمی کی وجہ سے ترسیلی کمپنیوں کو کوٹے سے کم بجلی مل رہی ہے جس کی وجہ سے مختلف شہری علاقوں میں4سے6جبکہ دیہی علاقوں میں8سے10گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے ، سسٹم اوور لوڈ اور ٹرپنگ سے کچھ علاقوں میں کئی کئی گھنٹے مسلسل بجلی کی بندش کی شکایات ہیںجبکہ زیادہ لائن لاسز والے علاقوںمیں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ معمول سے زیادہ ہے ۔لیسکو کی بجلی کی طلب 5500 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی ہے، لوڈ بڑھنے کے باعث ٹرانسفارمرز جلنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جبکہ سٹاف کی کمی کے باعث شکایات کا بروقت ازالہ ممکن نہیں رہا۔لاہور کے علاقے مزنگ، کچا جیل روڈ، عامر ٹاﺅن، ہربنس پورہ، شاہدرہ ٹاﺅن، امامیہ کالونی کے مختلف علاقوں میں 24 گھنٹے تک بجلی بند رہی اورشدید گرمی اور حبس سے شہری نڈھال ہوگئے۔پاورڈویژن کے حکام مطابق پن بجلی کی پیداوار 6 ہزار200 میگاواٹ ، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس563 میگاواٹ ،نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار9 ہزار میگاواٹ ، ونڈ پاورپلانٹس سے بجلی کی پیداوار1 ہزار245 میگاواٹ ، سولر بجلی گھروں کی پیداوار 100 میگاواٹ ،بگاس سے 130 میگاواٹ اورنیوکلیئرپاور پلانٹس کی پیداوار3 ہزار1سو 64 میگاواٹ رہی ۔دوسری جانب شدید گرمی کی وجہ سے 2افراد جاں بحق ہو گئے ۔ایدھی ترجمان کے مطابق مصری شاہ کے علاقہ میں 45 سالہ شخص گرمی کی شدت کے باعث گر گیا جسے بےہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا ۔چوہنگ ، ایل ڈی اے ایونیو کے قریب 55 سالہ شخص گرمی کی شدت سے جان کی بازی ہار گیا،متوفی کی شناخت ندیم لطیف کے نام سے ہوئی ۔پولیس کی ضروری کارروائی کے بعد ایدھی رضاکار وں نے لاشیں مردہ خانے منتقل کر دی گئیں۔