کراچی(کرائم رپورٹر ) قربانی ایک مذہبی فریضہ ہے مگر اب چوروں اور ڈاکوؤں کے لیے قربانی کے جانور چوری کرنا یا چھیننا کوئی مسئلہ نہیں رہا، سپر ہائی وے کے قریب قربانی کے لیے پالے گئے خطیر مالیت کے جانور ڈکیت لے اڑے۔ملیر سپر ہائی وے کے قریب کیٹل فارم ہاؤس میں قربانی کے لیے پالے گئے جانوروں کی ڈکیتی کی بڑی واردات ہوئی ہے، مسلح ملزمان ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کے جانور لے کر فرار ہوگئے۔کیٹل فارم ہاؤس کے مالک شہروز نے بتایا کہ تمام جانور عیدالاضحیٰ پر قربانی کے لیے پالے گئے تھے اور انھیں اچھے طریقے سے سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے تیار کیا گیا تھا۔ 10 سے 12 ملزمان فارم ہاؤس میں داخل ہوئے، انھوں نے جانور لے جانے سے قبل ملازمین کو رسیوں سے باندھا اور ان پر تشدد بھی کیا۔شہروز نے بتایا صبح 6 بجے مجھے فون آیا اور پتا چلا کہ ڈکیتی ہوئی ہے، ایک چوکیدار پر بدترین تشدد کیا گیا اور دوسرے کا اسلحہ بھی چھین کر لے گئے، 5 سال سے ہم اپنا شوق پورا کرتے ہیں، عید قربان پر ہم اپنے گھر کی قربانی کے لیے جانوروں کو پالتے ہیں۔‘‘مالک کا کہنا تھا کہ ملزمان کیٹل فارم ہاؤس میں موجود 12 جانوروں کو ساتھ لے کر فرار ہوئے، اس ڈکیتی کا مقدمہ ملیر تھانہ کینٹ میں درج کرا رہا ہوں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔واضح رہے کہ کراچی میں قربانی کے جانور چھیننے کے واقعات تواتر سے ہو رہے ہیں، شہر میں اس کے تدارک کے لیے پولیس حکام کی جانب سے کوئی اقدامات دیکھنے میں نہیں آرہے، اب تک تقریباً 70 سے 80 کے قریب جانوروں کے چوری ہونے اور چھیننے کے واقعات درج ہو چکے ہیں۔