لاہور (نمائندہ خصوصی ) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت کا 7 ججوں کو نہ ماننا توہین عدالت ہے، اگر الیکشن وقت پر نہ ہوئے تو پھر کچھ نہیں کہہ سکتے کہ ملک میں کیا ہوگا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے اپنے پیغام میں لکھا کہ دہشتگردی کے خلاف ہمارے فوجی جوان جان دے رہے ہیں، ہمیں دہشتگردی کی لائن میں کھڑا کر دیا، زرداری 100بلین ڈالر کی بات کرتا ہے، ہمارے پاس 3بلین رہ گئے، آئی ایم ایف کے 5دن رہ گئے حواس باختہ ڈار صحافیوں کو طمانچے مارتا ہے، ملک میں معاشی، سیاسی اور اقتصادی تباہی ہوگئی۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم، وزیر خارجہ سیر و سیاحت کمپنی کی مشہوری کے دوروں پر ہیں، عدالت میں کیس بعد میں جاتا ہے حکومت عدالت پر پہلے حملہ آور ہو جاتی ہے، حکومت کا 7ججوں کو نہ ماننا توہین عدالت ہے، اگر الیکشن وقت پر نہ ہوئے تو پھر کچھ نہیں کہہ سکتے کہ ملک میں کیا ہوگا، 13اگست اسمبلیوں کی ریڈ لائن ہے، ستمبر ستمگر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ 13جماعتوں کی سیاسی لاشیں الیکشن سے خوف زدہ ہیں، عوام کے مسترد چہروں کو دوبارہ مسلط کیا جا رہا ہے، انہوں نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا نہیں قریب پہنچایا ہے، ہتھکڑی خواتین کی تضحیک، چادر اور چار دیواری کی تباہی یہ ان کی جمہوریت ہے، ملک سنگین ترین بحران میں داخل ہو گیا ہے۔سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری بند، بیروزگار نوجوان یونان کے سمندر میں، مہنگائی، لوڈشیڈنگ آسمان پر جبکہ اشرافیہ موج میلہ کر رہے ہیں، غریب کا کوئی پرسان حال نہیں الیکشن یا سلیکشن فیصلہ ہونا ہے، اب اللہ اور عدلیہ سے ہی آخری امید ہے، حکومت کا مسائل پر نہیں تقریروں اور تصویروں پر زور ہے، عوام کو مزید بےوقوف نہیں بنایا جا سکتا۔