اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر صحت اور رہنما پیپلزپارٹی قادر پٹیل نے کہاہے کہ حافظ نعیم اپنی جماعت کے جرائم پر معافی مانگیں۔ اپنے بیان میں قادر پٹیل نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی قیادت پر الزام تراشی کا فیشن ختم ہو چکا ہے ۔انہوںنے کہاکہ حافظ نعیم یہ بتائیں کہ افغان جہاد کے دوران جماعت اسلامی کے لیڈروں کو کتنے گرین کارڈ ملے ۔ انہوںنے کہاکہ ضیاع دور میں عوام دوست عبدالخالق اللہ والا کے ووٹ مسترد کرکے عبدالستار افغانی کو جیتوا گیا۔ انہوںنے کہاکہ 1970 کے انتخابات میں پیپلزپارٹی نے کراچی سے 19 نشستیں جیتی تھیں، 1970 کے انتخابات میں جماعت اسلامی کی کراچی سے صرف ایک نشست تھی ۔ انہوںنے کہاکہ ہر آمر کے دور میں جماعت اسلامی سکھی اور خوشحال رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حافظ نعیم میں جرات ہے تو عمران خان کے 9 مئی کے جرم کی کھل کر حمایت کرےں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان اور سراج الحق آپس میں اتحاد کرلیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے، کراچی کے عوام نے شہر کے چور دروازے بند کر دیئے ہیں۔