اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعدرفیق نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائجان کے مابین گہرے مذہبی ، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات ہیں ، باہمی پروازوں کے فروغ سے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت اور تجارت پر مبنی تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف سے ملاقات کے دوران کیا ، جنہوں نے خواجہ سعدرفیق سے ملاقات کی۔ سول ایوی ایشن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان فضائی روابط بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر آذربائیجان ائر لائنز (AZAL) کو باکو سے لاہور ،کراچی اور اسلام آباد فلائٹ آپریشنز کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا – فیصلے کے تحت پی آئی اے اور آذربائیجان ائر لائنز (AZAL) کے مابین کوڈ شیئرنگ پر اتفاق ہوا – وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین گہرے مذہبی ، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات ہیں-باہمی پروازوں کے آغاز سے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت اور تجارت کو فروغ ملے گا-آذربائیجان کے سفیر نے کہا کہ آذربائیجان کے وزیر آئی ٹی، ٹرانسپورٹ کا جولائی کے وسط میں پاکستان کا دورہ متوقع ہے۔