اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )ملک بھر میں گرمی کے باعث بجلی کی طلب کئی گنا بڑھ گئی جس کے باعث بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 765 میگاواٹ ہوگیا ہے۔پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق اس وقت بجلی کی مجموعی پیداوار 20 ہزار 235 میگاواٹ ہے اور ملک بھر میں بجلی کی طلب 27 ہزار میگاواٹ ہے جبکہ پن بجلی کی پیداوار 8 ہزار میگاواٹ ہے۔ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق سرکاری تھرمل پاور پلانٹس520 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 7 ہزار میگاواٹ ہے، رائیونڈ پاور پلانٹ سے بجلی کی پیداوار 1225 میگاواٹ ہے جب کہ پن بجلی کی پیداوار 8 ہزار میگاواٹ ہے، نیوکلیئر پاور پلانٹس کی پیداوار 3270 میگاواٹ ہے۔ذرائع کے مطابق پاور سسٹم اوور لوڈہونے سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ عروج پرپہنچ گئی، وزارت توانائی اور ڈسکوز کے سسٹم بہتری کے دعوے غلط ثابت ہوئے ہیں۔پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق ملک بھر میں 8 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔لیسکو میں ٹرانسفارمرز ہیں، میٹر اور نہ ہی کیبلز موجود ہیں جس وجہ سے صورتحال ابتر ہوگئی ہے۔دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہوگیا ہے اور شہر کے بیشتر علاقوں میں 14 گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شہر میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں ترمیم نہیں کی گئی، لوڈ شیڈنگ کا شیڈول کے الیکٹرک کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔