اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) وزیر اعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کو مکمل کرنے کے پاکستان کے عزم کو دوہراتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کو ریلیف ملنا ان کا حق ہے، معاشی مشکلات نے عوام کو بہت زیادہ تکلیف میں مبتلا کیا جو ان کی برداشت سے باہر ہے،معیشت کو واپس گروتھ کے راستے پر لانا آئی ایم ایف اہداف کے حصول کے لئے ضروری ہے،پاکستان ہمیشہ کی طرح عالمی برداری کے ساتھ اپنے عزم اور وعدوں کی تکمیل پر پورا اترتا رہے گا۔ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹلینا جورجیوا سے پیرس میں لندن روانگی سے پہلے ملاقات کی جس میں آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کو مکمل کرنے کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔ گزشتہ روز وزیراعظم کی آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات لندن روانگی سے قبل ہوئی ،وزیراعظم شہباز شریف اور ایم ڈی آئی ایم ایف کے درمیان پیرس میں تین ملاقاتیں ہوئیں ،وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کو مکمل کرنے کے پاکستان کے عزم کو دوہرایا ، پاکستان کی معاشی حقیقتوں سے متعلق غور کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے ایم ڈی آئی ایم ایف کی سوچ کو سراہا ۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اپنی تمام کمٹمنٹس کو پورا کرنے کا جذبہ اور عزم رکھتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان کو شدید معاشی چیلنجز سے نکلنے میں دنیا کی معاونت کی قدر کرتے ہیں۔ شہباز شریف نے کہاکہ سیلاب نے معاشی مشکلات کو مزید مشکل بنایا لیکن پاکستان نے اس کے باوجود اپنے عوام کو ریلیف دیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستانی عوام کو ریلیف ملنا ان کا حق ہے، معاشی مشکلات نے عوام کو بہت زیادہ تکلیف میں مبتلا کیا جو ان کی برداشت سے باہر ہے۔وزیر اعظم نے کہاکہ عوام کے ریلیف اور معاشی حقائق کے درمیان توازن چاہتے ہیں۔ شہباز شریف نے کہاکہ معیشت کو واپس گروتھ کے راستے پر لانا آئی ایم ایف اہداف کے حصول کے لئے ضروری ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ گزشتہ چار سال کی معاشی بدحالی کی بحالی کے لئے ناگزیر اقدامات لینا ہوں گے، معاشی بحالی سے آئی ایم ایف اہداف کو بہتر طور پر حاصل کیا جا سکتا ہے۔ شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان ہمیشہ کی طرح عالمی برداری کے ساتھ اپنے عزم اور وعدوں کی تکمیل پر پورا اترتا رہے گا ۔آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر نے وزیر اعظم شہباز شریف کی پاکستان کے لئے عزم کو سراہا۔ایم ڈی آئی ایم ایف نے کہاکہ زیراعظم آپ نے مشکل حالات میں ذمہ داری سنبھالی لیکن آپ بہتری لانے کی پوری کوشش کررہے ہیں