کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے تین روزہ دوسرے بچت ایکسپو کا افتتاح کیا۔ بچت ایکسپو آ 25 جون تک جاری رہے گی، بچت ایکسپو بدر ایکسپوسلوشنز کے تعاون سے منعقد کی گئی ہے۔اس موقع پر بدر ایکسپو سلوشنز کے مینیجنگ ڈائریکٹر زوہیر نصیر بھی موجود تھے،گورنر سندھ نے مختلف اسٹالز پر اشیاءخوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا، گورنر سندھ نے کہا کہ اس ایکسپو میں اشیاءخوردونوش کی رعایتی قیمتوں میں دستیابی سے عوام کو آسانی ہوگی، جبکہ اس ایکسپو میں منافع خوروں کی کوئی گنجائش نہیں۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ مسائل حل کرنے کے لئے اختیار سے زیادہ ارادے کی ضرورت ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات کا بچت ایکسپو میں حصہ لینا قابل تحسین عمل ہے، انہوں نے مزید کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اس ایکسپو میں قربانی کے جانوروں کی رعایتی قیمتوں پر موجودگی بھی خوش آئند ہے ، انہوں نے کہا کہ عید کے بعد آئی ٹی کورسز کا ٹیسٹ منعقد کیا جائے گا۔ بدر ایکسپوسلوشنز کے سی ای او نے کہا کہ بچت ایکسپو کے انعقاد میں بھرپور تعاون پر گورنر سندھ کا مشکور ہوں، انہوں نے مزید کہا کہ گورنر سندھ کی ذاتی دلچسپی کے باعث ضروری استعمال کی اشیاءہول سیل ریٹ سے بھی کم میں ملی ہیں۔