کراچی (بیورو رپورٹ)
ممتاز شاعر، صحافی اور نقاد صابر وسیم کو محمد شاہ قبرستان میں سپردِ خاک کردیا گیا۔ ان کا انتقال گزشتہ روز اسلام آباد میں ہوا تھا جہاں وہ اپنے بیٹے کے پاس رہنے گئے تھے ان کی میت کو آج کراچی لایا گیا تھا جہاں ان کا جنازہ ان آبائی گھر سے اٹھایا گیا۔ مرحوم صابر وسیم ١٩۴۴ میں بھارت کے شہر جبلپور میں پیدا ہوئے تھے تاہم قیام پاکستان کے بعد والدین کے ساتھ ہجرت کرکے پاکستان آگئے تھے اور انہوں نے زندگی کا بیشتر وقت حیدرآباد اور کراچی میں گزارا ۔ ان کے جنازے میں شاعروں ادیبوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جن میں خواجہ رضی حیدر، رضوان صدیقی، اجمل سراج، اخلاق احمد، اقبال سہوانی، کاشف حسین غائر، خورشید عالم، طاہر حبیب اور دیگر شامل تھے۔ مرحوم صابر وسیم کے پسماندگان و سوگواران میں دو بیٹے اور ایک بیٹی کےعلاوہ دیگر اہلِ خانہ اور کثیر تعداد میں ادب دوست احباب شامل ہیں۔