کراچی(کامرس رپورٹر)انٹرنیشنل ڈائریکٹرلائنز کلب انٹرنیشنل،یوبی جی اورپاکستان پیٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما ملک خدا بخش نے وزیراعظم میاں شہبازشریف کی جانب سے ملکی معاشی صورتحال میں بہتری کے لئے کئے جانے والے اقدامات، برآمدات کے فروغ کیلئے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے،پاکستان نے ہمیں عزت اور شہرت دی اور بہتر مقام دیا اوراب ہم سب کا فرض ہے کہ پاکستان کی مضبوطی اورخوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔ملک خدا بخش نے کہا کہ کراچی ایکسپو سینٹر میں ہونے والی نمائش "ٹیکسپو”دنیا کی توجہ کا مرکز بنی ہے جہاں دنیا کے بیشتر ممالک سے آئے ہوئے خریداروں نے پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے ساتھ مصنوعات کی خریداری کے معاہدے کئے ہیں،بلاشبہ ٹیکسپو پلیٹ فارم سے دنیا بھر میں پاکستان کے عوام اور اداروں کی صلاحیت واضح ہوئی ہے، اس وقت ضرورت ہے کہ ریسرچ اور ڈیویلپمنٹ، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور جدت کے ذریعہ ٹیکسٹائل مصنوعات کو عالمی سطح پر نئے جوش وجذبہ کے ساتھ پیش کیا جائے،موجودہ حکومت کامیاب بزنس سرگرمیوں اور مستحکم پیداواری صلاحیت میں اضافہ کو یقینی بنائے تاکہ ہمارے ایکسپورٹرزافریقی ریجن کے ممالک کی مارکیٹ میں اپنی جگہ مضبوط بنا سکیں،ملک خدا بخش نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات نے پوری قوم کو متحد کردیا ہے،ہمیں پہلی اسلامی ایٹمی قوت ہونے کے ناطے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے پر بھرپور توجہ دینی ہے اور اس کیلئے ضروری ہے حکومت،پاکستان کی افواج ا ور عوام ملک کے دشمنوں کیعزائم کو ناکام بنانے کے لئے متحدا ور پرعزم رہیں۔ملک خدا بخش نے مزید کہا کہ وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے،پاکستان کا بچہ بچہ افواج پاکستان سے بے لوث محبت کرتاہے اورفوج کو اپناپہلاآئیڈیل بناتاہے،بھرپور یوم تکریم شہداء اس بات کا ثبوت ہے کہ قوم نے شرپسندوں کو بری طرح مسترد کردیاہے اور اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،فوج کاوقار مجروح نہیں ہونے دیں گے۔