کراچی(نمائندہ خصوصی) پی اے ایف ایئر مین اکیڈمی، کورنگی کریک، کراچی میں آج ایرو اپرینٹسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ ائیر مارشل احمد حسن ڈپٹی چیف آف دی ائیر اسٹاف (انجینئرنگ) اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ قبل ازیں ایئر وائس مارشل سید عمران ماجد علی، ایئر آفیسر کمانڈنگ، پی اے ایف ایئر مین اکیڈمی، کورنگی کریک نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ اور اتحادی ممالک کے ٹرینیز سمیت کل 1567 ایرو اپرینٹسز نے اپنی تکنیکی تربیت کامیابی سے مکمل کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ "پاک فضائیہ پیشہ ورانہ طور پر ایک بہترین ادارہ ہے جسے ایک مؤثر عسکری قوت کی حیثیت سے جانا جاتا ہے، پاک فضائیہ آزمائش کی ہر گھڑی میں ہمیشہ اپنی لازوال بہادری، آپریشنل تیاریوں اور پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت قوم کی توقعات پر پورا اتری”۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ جدید ترین ہتھیاروں سے لیس ہے اور مادر وطن کی فضائی حدود کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ مہمان خصوصی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ عالمی صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ ہماری تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت کو دور حاضر کے تقاضوں سے پوری طرح ہم آہنگ کر تے ہوئے ایسے قابل اور پیشہ ورانہ مہارت سے لیس ایئر مین تیار کیے جائیں، جو ہمارے جدید دفاعی اثاثوں کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتے ہوں۔ مہمان خصوصی نے فارغ التحصیل ہونے والے ایرواپرینٹسز کو مبارکباد دی اور آ نے والے وقت میں انکے روشن مستقبل اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی بطریق احسن انجام دہی کے لیئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اکیڈمی کے تدریسی عملے کو ان کی مخلصانہ کوششوں اور تربیت کے مقصد سے ان کی گہری وابستگی پر سراہا۔بعد ازاں مہمان خصوصی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایرو اپرینٹسز میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔ ان ٹرافیوں میں سے مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافی ایئر کرافٹ مین محمد یوسف کو دی گئی، ایروناٹکس میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر اصغر خان ٹرافی ایئر کرافٹ مین محمد یوسف نے حاصل کی جبکہ ایرو ایویانکس ٹیکنالوجی میں بہتریں کارکردگی پر نور خان ٹرافی ایئر کرافٹ مین محمد ابراہیم سلیمان کو دی گئی۔ جنرل سروس ٹریننگ میں بہترین کارکردگی پر ایئر آفیسر کمانڈنگ ٹرافی اکیڈمی سارجنٹ ایئر کرافٹ مین نعمان کریم نے اپنے نام کی، جبکہ غیر ملکی ٹرینیز میں سے بہترین کارکردگی کی ٹرافی بنگلہ دیش کے کارپورل ایم ڈی سلیم احمد نے اپنے نام کی۔