اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)چین پاکستان اقتصادی راہداری کی 10 سالہ تقریبات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ تقریب کا آغاز وزارت منصوبہ بندی میں ایک شاندار تقریب سے کیا گیا۔تقریب میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال، سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی سید ظفر علی شاہ، چیف اکانومسٹ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سی پیک ڈاکٹر ندیم جاوید، پاکستان میں چینی ناظم الامور پینگ چنکسو، پاکستان میں کام کرنے والے بزنس مینوں اور مختلف وزارتوں کے اعلی حکام نے تقریب میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ آج کا دن ان کے لیے انتہائی خوشی کا دن ہے کہ جو سفر 2013 میں شروع ہوا تھا اس کے 10 سال آج مکمل ہوئے جس میں بہت سے نشیب وفراز آئے تاہم حکومت وزیر اعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق ان منصوبوں کو آگے لیکر چل رہی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سی پیک کو بحال کیا گیا ہے جو کہ پچھلی حکومت نے روک دیئے تھے جبکہ گوادر میں بجلی، انفراسٹرکچر، پانی اور دیگر کئی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جو کہ سنگ بنیاد کے لیے تیار ہیں اور وزیراعظم جلد ان منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا سابقہ حکومت نے سی پیک منصوبوں کو تباہ کیا جس کے نتیجے میں پاکستان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام سی پیک کو کامیاب بنانے میں چینیوں کے تعاون کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔وفاقی وزیر نے 2013 سے شروع ہونے والے سی پیک کے اس پورے سفر کے دوران سی پیک پر عملدرآمد کے لیے چینی حکام، مزدوروں کے تعاون کو بھی سراہا۔