جیکب آباد (نمائندہ خصوصی ) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کچھ اضلاع میں امن و امان کامسئلہ ہے لیکن وہ بھی ایک وقت تھا جب رات کو تو کیا دن کو بھی لوگ کانوائے میں چلتے تھے اب حالات پہلے سے بہتر ہیں مزید بہتری کے لیے کوشاں ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جیکب آباد پہنچ کر سابق صوبائی وزیر اور پیپلز پارٹی کے رہنما میر منظور خان پنہور کے انتقال پر ان کے بیٹے میر اورنگزیب خان پنہور سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میر منظور خان پنہور کے اچانک انتقال پر بہت دکھ ہوا وہ نہ صرف سیاسی بلکہ قبائلی فیصلوں کی وجہ سے مشہور شخصیت تھے میر منظور خان کا اچانک بچھڑنا پارٹی اور ان کے خاندان کے لیے بڑا صدمہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کی سندھ کے کچھ اضلاع میں امن و امان کا مسئلہ ہے تاہم اس پر جلد کنٹرول کرلیا جائے گا ایک وہ بھی وقت تھا جب لوگ دہشت گردی اور دیگر مسائل سے دن کے اوقات میں بھی پریشان تھے لیکن اب حالات بہتر ہیں نادرن اضلاع میں یہ مسئلہ ہے تاہم اس پر قابو پالیا جائے گا، اس موقع پر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن، مکیش چاولہ، منظور وسان، گیانچند ایسرانی، صوبائی مشیر جیل خانہ جات میر اعجاز خان جکھرانی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔