پیرس(نمائندہ خصوصی ) وزیراعظم شہباز شریف نے فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ دلچسپی کے امور پر رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا ۔ جمعرات کو جار ی اعلامیہ کے مطابق ملاقات نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے موضوع پر منعقدہ سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے نئے عالمی مالیاتی معاہدے پر سربراہی اجلاس بلانے پر صدر میخواں کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے سربراہی اجلاس میں دعوت دینے اور پرتپاک میزبانی پر صدر میخواں کا شکریہ ادا کیا ۔ وزیراعظم نے فرانس کے صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے ترقی پزیر ممالک کے ساتھ مالیاتی انصاف پر مبنی نظام کی طرف جرات مندانہ قدم اٹھایا، آپ کا شکریہ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ترقی پزیر ممالک کو وسائل کی عدم دستیابی، قرض اور سود کی ادائیگیوں کے بوجھ اور منجمند ترقی کے مسائل درپیش ہیں۔ شہباز شریف نے کہاکہ نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے تحت قرض کی دلدل میں ڈوبے ترقی پزیر ممالک کی مدد وقت کی ضرورت ہے تاکہ وہاں کے عوام کو ریلیف مل سکے۔وزیر اعظم نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات نے پہلے سے مسائل کا شکار ترقی پزیر ممالک کو مزید مشکلات سے دو چار کر دیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ اہم مسئلہ پر عالمی اتفاق رائے پیدا کرنے کی آپ نے اہم کاوش کی۔صدر میخواں نے سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا ۔دونوں رہنماو¿ں نے دوطرفہ دلچسپی کے امور پر رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم شہبازشریف نے مصرکے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی جس میں عالمی وعلاقائی امور پر باہمی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا ۔جمعرات کو ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماﺅں نے نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی ۔وزیراعظم نے کوپ27 کے شرم الشیخ میں ہونے والے اجلاس میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو اہم پیش رفت قرار دیا ۔ وزیراعظم نے کہاکہ شرم الشیخ نے لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے قیام کے عزم سے عالمی سطح پر ایک اہم پیش رفت کی بنیاد رکھی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ شرم الشیخ میں جس سیاسی عزم کا اظہارکیاگیا، وہ بتدریج آگے بڑھ رہاہے۔دونوں قائدین نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور انہیں مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ۔دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیاگیا ۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں قائدین نے عالمی وعلاقائی امور پر باہمی رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔وزیراعظم اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات کے بارے میں سیکریٹری جنرل کو آگاہ کیا۔ جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں دونوں قائدین کی ملاقات نئے عالمی مالیاتی معاہدے سے متعلق عالمی سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی ۔وزیراعظم نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور نیک تمناﺅں کا اظہار کیا ۔سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے وزیراعظم کا جوابی خیرسگالی کے پرجوش جذبات سے خیرمقدم کیا۔ زیر اعظم نے کہاکہ آپ کو پاکستان کا محسن تصور کرتے ہیں، سیلاب کے موقع پر آپ کی مدد بھول نہیں سکتے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان میں ہونے والی تباہی کے آپ عینی شاہد ہیں، ۔وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات کے بارے میں سیکریٹری جنرل کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور ان کی دوبارہ آباد کاری ہماری اولین ترجیح ہے اور رہے گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے ترقی پزیر ممالک پر معاشی دباﺅمزید بڑھا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ترقی پزیر ممالک میں شرح نمو بڑھانے اور مالیاتی توازن برقرار رکھنے میں نئے مسائل درپیش ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ کوپ 27 میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو ترقی پزیر ممالک کی مالیاتی مدد کے لئے بروئے کار لایاجائے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے لئے پیرس میں سربراہی کانفرنس ایک اچھی اور درست سمت میں شروعات ہیں۔ شہباز شریف نے کہاکہ موسمیاتی انصاف کے ساتھ ترقی پزیر ممالک کے ساتھ عالمی مالیاتی وسائل کی تقسیم میں بھی منصفانہ رویہ درکار ہے۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے وزیراعظم اور ان کی حکومت کے جذبے کو سراہا۔