اسلام آباد /کوئٹہ (نمائندگان/نیٹ نیوز ) ملک میں پری مون سون بارشوں کا آغاز ہو گیا، پنجاب، بلوچستان ، سندھ اور اسلام آباد سمیت کئی مقامات پر بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا،ہرنائی میں طوفانی بارش اور ژالہ باری سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی اونچے درجے کے سیلابی ریلے سےایک پل بہہ گیا ۔بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں طوفانی بارش اور ژالہ باری سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی،ہرنائی میں ہفتہ اتوار کی درمیانی شب شدید طوفانی بارش کا سلسلہ تقریباً ایک گھنٹے جاری رہا،بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، اونچے درجے کے سیلابی ریلے سے ہرنائی کوئٹہ قومی شاہراہ پر پلوسین پل کے ایک حصے کونقصان پہنچا،پانی کے ریلے زرعی زمینوں کو سیراب کرنے والی پانی کے پل کو بھی بہا کرلے گئے۔
اونچے درجے کے سیلابی ریلوں اور شدید ژالہ باری کے باعث زرعی زمینوں اور کھڑی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا جبکہ دوسری جانب بے خیموں میں مکین زلزلہ زدگان کے مکانات بارش اور سیلابی ریلوں کے باعث گرگئے۔فیصل آباد، جھنگ سمیت مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا،چنیوٹ میں ژالہ باری نے گرمی دور بھگا دی۔ لاہور ، رائے ونڈ اور قصور میں بھی تیز ہوائیں چلیں۔کوہلو اورسبی میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی،محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں بادل برسنے کی پیشگوئی کی ہے۔