اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اندرونی اور بیرونی عوامل کی وجہ سے پیدا ہونے والے معاشی چیلنجوں کے پیش نظر پاکستان کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل جیسے نمائندہ فورم کی ضرورت طویل عرصے سے محسوس کی جا رہی تھی، معاشی پالیسیاں وضع کرنے،دوست ممالک سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے اسپیشل انوسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے،کونسل کا فوری ہدف بیرونی براہ راست سرمایہ کاری کو 5 بلین ڈالر تک بڑھانا ہے، یہ کونسل معیشت کے ڈھانچے میں بنیادی اصلاحات کو آگے بڑھانے کے لیے فیصلہ سازی کے ایک اعلیٰ فورم کے طور پر کام کرے گی۔بدھ کو اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کو معاشی چیلنجوں سے نکال کر پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے،اتحادی حکومت نے معاشی پالیسیاں وضع کرنے کے مینڈیٹ کے ساتھ ایک سپیشل انوسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے،جو معیشت کی بحالی کے لیے پالیسی میں رہنمائی، تسلسل اور موثر نفاذ کو یقینی بنائے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ اپنی ساخت کی وجہ سے کونسل معیشت کے ڈھانچے میں بنیادی اصلاحات کو آگے بڑھانے کے لیے فیصلہ سازی کے ایک اعلیٰ فورم کے طور پر کام کرے گی۔ فورم آئی ٹی، زراعت، توانائی، معدنیات وکان کنی اور دفاعی پیداوار جیسے اہم شعبوں جیسے پر توجہ مرکوز کرے گا۔انہوں نے کہا کہ دوست ممالک سے سرمایہ کاری کو راغب کرنا کونسل کے اہم مقاصد میں سے ایک ہے۔فوری ہدف بیرونی براہ راست سرمایہ کاری کو 5 بلین ڈالر تک بڑھانا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ اندرونی اور بیرونی عوامل کی وجہ سے پیدا ہونے والے معاشی چیلنجوں کے پیش نظر کونسل جیسے نمائندہ فورم کی ضرورت طویل عرصے سے محسوس کی جا رہی تھی۔ہمہ پہلومسائل سے نمٹنے کے لیے نصابی کتاب کا طریقہ کار اب قابل عمل نہیں ہے۔اس لیے معیشت کو خود انحصاری، برآمدات پر مبنی اور مضبوط، بیرونی جھٹکوں اور ہلچل کو برداشت کرنے کے قابل بنانے کے لیے اجتماعی حکمت سے فائدہ اٹھانے کی اور بھی زیادہ ضرورت ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے مسائل کا حل تخلیقی خیالات میں مضمر ہے۔