کراچی(نمائندہ خصوصی) شہرقائد کے علاقے کورنگی زمان ٹاﺅن میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پرایک اورشہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھا،مقتول عرفان2 بچوں کا باپ اورگل فروش تھا۔رواں سال ڈکیتی مزاحمت پرقتل کئے جانے والے شہریوں کی تعداد 68 ہوگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح زمان ٹاﺅن تھانے کے علاقے کورنگی نمبرساڑھے پانچ سیکٹرجی غوث پاک روڈ پرواقع مکان نمبر 353 میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پرمسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے مکان مالک کوقتل کردیا۔مقتول کی شناخت 40سالہ عرفان ولد نسیم احمد کے نام سے کی گئی ،وہ 2 بچوں کا باپ اور گل فروش تھا۔ اس کی کورنگی نمبر6 میں واقع غفور مٹھائی کی دکان کے سامنے پھولوں کی دکان تھی ۔زمان ٹاﺅن تھانے کے قائم مقام ایس ایچ اوسب انسپکٹر یونس نے بتایا کہ مقتول عرفان اپنے بھائی کے ساتھ مذکورہ مکان میں رہائش پذیرتھا،صبح 6 بجے سے پونے7 بجے کے درمیان مکان کے عقب سے3مسلح ڈکیت مکان میں داخل ہوئے اورگھر میں موجود افراد کو یرغمال بنانے کے بعد نقدی ،طلائی زیورات اوردیگرقیمتی سامان تھیلے میں ڈال کر فرار ہو رہے تھے کہ بالائی منزل پررہائش پذیرچھوٹے بھائی عدنان نے ایک ڈکیت کواوپرگملا مارا تواس سے لوٹے ہوئے سامان کا تھیلا گرگیا۔اسی دوران مکان کے گراﺅنڈ فلورپر رہائش پذیرمقتول عرفان نے مزاحمت کرتے ہوئے ڈکیت کوپکڑنے کی کوشش کی تونامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے عرفان کوقتل کردیااور2موٹرسائیکلوں پرفرارہوگئے۔ایک موٹر سائیکل پر3مسلح ڈکیت اورایک موٹر سائیکل پرایک ڈکیت سوارتھا ۔ ایس ایچ اوکے مطابق مسلح ڈکیتوں نے چارسے پانچ فائرکیے ہیں ،پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 3 خول اور2 سکے ملے ہیں ۔واضح رہے کہ شہر قائد میں رواں سال کے دوران ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر قتل کئے جانے والوں کی تعداد 68 ہو گئی ہے ۔