کابل( نمائندہ خصوصی )
امارت اسلامیہ افغانستان (آئی ای اے) کی وزارت داخلہ نے پیر کو تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ارکان کو ملک کے شمال میں منتقل کرنے کے پاکستان کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نہ تو ٹی ٹی پی اور نہ ہی داعش افغانستان میں موجود ہیں۔وزارت داخلہ نے ان دعوؤں کی تردید کی کہ ان کا پاکستان کے ساتھ ٹی ٹی پی کے ارکان کو شمالی افغانستان منتقل کرنے کا معاہدہ ہے اور کہا کہ اس طرح کی خبریں "متعصب حلقے” بنا رہے ہیں۔وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قان نے پیر کو کابل میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ٹی ٹی پی سمیت کوئی بھی گروپ افغانستان میں موجود نہیں ہے اور نہ ہی امارت اسلامیہ انہیں افغانستان میں داخل ہونے اور دوسرے ممالک کے مفادات کے خلاف کام کرنے کی اجازت دیتی ہے۔
افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ داعش ملک میں اپنے نشان کھو چکی ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ”ہم کسی بھی گروہ کو افغانستان میں کسی بھی ملک کے مفادات کے خلاف، پڑوسیوں اور دیگر ممالک کے خلاف کام کرنے کی اجازت نہیں دیتے، کیونکہ یہ امارت اسلامیہ افغانستان کی پالیسی ہے اور یہاں (دہشت گرد گروہ) موجود نہیں ہیں۔ عام طور پر، یہ سب منفی پروپیگنڈہ ہیں اور مہاجرین کا مسئلہ ایک الگ مسئلہ ہے،‘‘انہوں نے کہا کہ وزیرستان اور پاکستان کے دیگر خطوں میں افغان مہاجرین کا مسئلہ عالمی اداروں کے ذریعے حل کیا جائے گا اور اس معاملے کا تحریک طالبان پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ہم نے ہمیشہ پوری دنیا سے عہد کیا ہے کہ افغانستان کی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے اور یہاں کوئی گروپ کام نہیں کرے گا۔ البتہ کچھ پروپیگنڈہ ہے کہ یہاں داعش ہے یا کچھ اور، لیکن آپ نے دیکھا کہ داعش کو اس طرح دبایا گیا کہ ہم انہیں دوبارہ نہیں دیکھیں گے۔ یقیناً وہ کچھ جگہوں پر ہیں، لیکن ان کی کوئی ظاہری موجودگی نہیں ہے،‘‘
یاد رہے کہ پاکستان نے بارہا افغانستان میں ٹی ٹی پی کے وجود پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے، پاکستان کی وزارت داخلہ نے کہا کہ اس نے TTP کے ارکان کو سرحدی علاقوں سے افغانستان کے شمال میں منتقل کرنے کے لیے امارت اسلامیہ کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے۔تاہم امارت اسلامیہ نے ایسا کوئی معاہدہ کرنے سے انکار کیا ہے۔اس دوران ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان کے دعوؤں نے افغانستان کے شمال کے رہائشیوں میں تشویش پیدا کردی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں افغانستان کے حکمران حکام کی جانب سے کوئی بھی مبہم اقدام نسلی بنیادوں پر کشیدگی میں اضافے اور عدم استحکام کا باعث بن سکتا ہے۔