کراچی (کلچرل رپورٹر)ڈائریکٹرز گلڈ آف پاکستان نے پاکستانی سنیما اور ٹی وی میں ترقی اور بہترین کارکردگی کو فروغ دینے کے لیے نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے، ڈائریکٹرز گلڈ آف پاکستان کی گورننگ باڈی کی حلف برداری کی تقریب گزشتہ روز نوجوان ڈائریکٹر و پروڈیوسر رافع راشدی کے گھر پر منعقد کی گئی، تقریب میں مصباح خالد نے بطور صدر، شہزاد نواز نے نائب صدر، رافع راشدی نے جنرل سیکرٹری، اسماعیل جیلانی نے جوائنٹ سیکرٹری، سیفی حسن نے خزانچی کے طور پر حلف اٹھایا، گورننگ باڈی کے دیگر ممبران کے طور پر مہرین جبار، جمشید محمود، محسن مرزا، اسد ممتاز، وجاہت رؤف نے حلف اٹھایا، لیکن اس وقت سب کو حیرانگی ہوئی جب میزبان رافع راشدی نے ڈائریکٹرز گلڈ آف پاکستان جنرل سیکریٹری کے عہدے سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیاہے، ان کا موقف ہے کہ 2017میں اس ایسوسی ایشن کاقیام عمل میں آیا تھا جس کامقصد ینگ ڈائریکٹرز کو آگے لانے اور ان کو درپیش مسائل سے نکالنے کامنشور تیار کیاگیاتھا، اس عرصے میں کسی بھی ڈائریکٹر نے کوئی خاص دلچسپی نہیں لی اور سلسلہ اسی طرح چلتارہا، میری کوشش تھی کی اس پلٹ فارم کے ذریعے ہم نوجوان باصلاحیت ہدایتکاروں کو ڈائریکٹرز گلڈ آف پاکستان کوزیادہ شامل کریں اور ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائیں کیونکہ نئی نوجوان قیادت ہی ہمیں آگے لے کر جائے گی،لیکن مجھے انتہائی دکھ ہورہاہے کہ آج بھی ہمارے سینئرز ڈائریکٹرز نے نئے ڈائریکٹروں کو فراموش کردیاہے، ہمارا مشن تھاکہ انفرادی فلم سازوں کی مدد کرنے کے علاوہ، ڈی جی پی پاکستانی ہدایت کاروں کے حقوق اور مفادات کے لیے اجتماعی طور پر وکالت کرنے چیلنجوں سے نمٹنے، منصفانہ معاوضے کو فروغ دینے اور فلم سازوں کی تخلیقی آزادی کے تحفظ کے لیے بات چیت میں فعال طور پر حصہ لے گا، جو ایک نئی سوچ ہم لے کر چلے تھے اس کے برعکس کام ہواہے،جس کی وجہ سے میں خود کو ڈائریکٹرز گلڈ آف پاکستان سے الگ کررہاہوں۔