کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ تمام منتخب چیئرمین اور وائس چیئرمین نے اپنے اپنے عہدے کا حلف آج اٹھا لیا ہے اور اپنی زمہ داریاں نبھائیں گے ۔ جماعت اسلامی کی گزشتہ ایک سال سے کئی خواہشیں رہی ہیں لیکن ان کی بدقسمتی ہے کہ ان کی کوئی خواہش آج تک پوری نہیں ہوئی ہے۔ جن 32 ووٹوں کا جماعت اسلامی ڈھنڈورا کررہے ہیں ان 32 ووٹوں کی زمہ داری ان کی تھی ہماری نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ڈپٹی کمیشنر ایسٹ کے دفتر میں ٹاﺅن چیئرمینز کی حلف برداری کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں ڈسٹرکٹ ایسٹ میں چنیسر ٹان، سہراب گوٹھ ٹان اور صفورا ٹان کے پیپلز پارٹی کے نو منتخب چیئرمین فرحان غنی، لالہ رحیم اور راشد خاصخیلی اور وائس چیئرمین ندیم خیالی، محمد عمران اور عبد الحق بلوچ سے ڈپٹی کمیشنر ایسٹ ان کے عہدے کا حلف لینے کی تقریب میں شرکت کی۔ حلف برداری کی تقریب میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی، آصف خان و دیگر بھی موجود تھے جبکہ پیپلز پارٹی کے سینکڑوں کارکنان بھی ڈپٹی کمشنر آفس میں موجود تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ صوبہ سندھ میں ایک طویل عرصہ سے بلدیاتی انتخابات کا عمل جاری تھا؛ وہ آج مکمل ہوا ہے۔ تمام منتخب چیئرمین اور وائس چیئرمین نے اپنے اپنے عہدے کا حلف آج اٹھا لیا ہے اور اپنی زمہ داریاں نبھائیں گے ۔ سعید غنی نے کہا کہ کراچی کے شہریوں نے جس اعتماد کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی پر کیا ہے یہ تمام منتخب نمائندے ان پر پورا اتریں گے۔ مئیر کراچی بھی آج باقاعدہ اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے گوکہ وہ اس وقت پر کراچی کے عوام کی خدمت کررہے ہیں لیکن آج باقاعدہ حلف اٹھا کر عوام کی زیادہ سے زیادہ خدمت کریں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ جماعت اسلامی کی گزشتہ ایک سال سے کئی خواہشیں رہی ہیں لیکن ان کی بدقسمتی ہے کہ ان کی کوئی خواہش آج تک پوری نہیں ہوئی ہے۔